محرم الحرام کے دوران کسی کو امن امان میں خلل نہیں ڈالنے دیں گے،خالد مسعود بھٹی

منگل 20 ستمبر 2016 15:07

رحیم یارخان۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 ستمبر۔2016ء) ڈی ایس پی صدر سرکل رحیم یارخان خالد مسعود بھٹی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن امان میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی بلا تفریق کارروائی ہو گی ۔ امن دشمنوں اور شر پسندوں کے خلاف ہمیں ایک ذہنیت سے کام کرنا ہے کوئی قانون سے بالا تر نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ ممبران ضلعی امن کمیٹی صدر سرکل ، عہدیداران و لائسنس داران و ذمہ داران اہل تشیع اور سرکل ایس ایچ اوز صدر سرکل کے ساتھ محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور شر پسندی کے خلاف قوم نے بہت سی قربانیاں دیں ہیں اور اب پاک افواج کے آپریشن ضرب عضب نے انہیں کچل کر رکھ دیا ہے اور اس کے بدلے میں بے مثال قربانیاں اور بہادری کی داستانیں رقم کی ہیں اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اندرونی طور پر ایک ذہنیت کے ساتھ کام کریں اور وہ یہ کہ معاشرے میں انتشار اور شر پسندی پھیلانے والوں کو اپنی صفوں میں ہرگز جگہ نہ دیں اور نہ ہی کسی کی پردہ پوشی کی جائے اگر کوئی مشتبہ شخص اپنی صفوں میں دیکھیں تو فوراً اسے بے نقاب کرتے ہوئے ملک و قوم کے ساتھ اپنی وفا داری اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ کسی کو ملکی امن سے کھیلنے کی جرات نہ ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد آمد ہے ہمیں اس سے قبل اپنی کمی کوتاہیوں کو دور کر کے اس کے پر امن انعقاد کے لئے پوری قوت کے ساتھ تیاری مکمل کرنی ہے آج کی یہ میٹنگ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام دنوں میں عمومی طور پر اور خاص ایام میں خصوصی طور پر امن امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف ہم تیار رہتے ہیں اور محرم الحرام کے دوران کسی کو بھی امن امان میں خلل نہیں ڈالنے دیں گے اور اگر کسی نے کوشش کی تو اس کی کوشش کو آہنی ہاتھوں سے کچلا جائے گا ۔ انہوں نے ضابطہ اخلاق پر من عن عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگر اس سلسلہ میں کسی نے خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی یقینی ہے اور یہ بلاتفریق و تاخیر ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :