ملک کی تعمیروترقی اور خوشحالی ہما را مشن ہے ،میاں امتیازاحمد

منگل 20 ستمبر 2016 15:06

رحیم یارخان۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 ستمبر۔2016ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ ایم این اے میاں امتیازاحمد نے کہا ہے کہ ملکی تعمیروترقی اور خوشحالی کیلئے محمدنواز شریف کی خدمات چھپی ہوئی نہیں ہیں ‘ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ملک بھر میں ایک بار پھر حکومت بنائے گی‘ملک کی ترقی کے دشمن وزیراعظم محمدنواز شریف کی مقبولیت سے خائف ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں‘ پی ٹی آئی کا رائے ونڈ مارچ ناکام اور عمران خان کا وزیراعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

رحیم یارخان میں اپنی رہائش گاہ پر چک 85 پی کی سیاسی سماجی شخصیات رانا محمد جاوید اور رانا عبدالخالق کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 196 کے عوام نے عام انتخابات میں انہیں بھاری مینڈیٹ کے ساتھ کامیاب کرایا اور انشاء اللہ گذشتہ تین ‘ ساڑھے تین سال کی طرح اگلے ڈیڑھ ‘ دو سال میں بھی عوام کی خدمت اور اپنے حلقہ کی تعمیروترقی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر تعمیروترقی کا عمل جاری ہے‘ سڑکوں‘ پارکوں کی تعمیر کے علاوہ فراہمی آب ونکاسی آب کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ شہر میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے ‘ اس کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کا معیار زندگی بھی شہر کے برابر لانا ہما را مشن ہے ۔