انار کے باغبان ضرر رساں کیڑوں پر خصوصی نظر رکھیں ، زرعی ماہرین

منگل 20 ستمبر 2016 15:04

فیصل آباد۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 ستمبر۔2016ء)زرعی ماہرین نے کہاہے کہ چونکہ موجودہ موسم میں انار کے پودوں پر انار کی تتلی ، سکیلز، سفید مکھی ، پھل کی مکھی اور دیگر ضرررساں کیڑوں کے حملے کا خدشہ رہتاہے لہٰذا کاشتکار اور باغبان ضرررساں کیڑوں پر خصوصی نظر رکھیں اور کسی بھی قسم کے حملہ کی علامات ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر تدارکی و حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ سکیلز اور سفید مکھی پتوں سے رس چوس کر فصل کو کمزور کر نے کے ساتھ ساتھ اپنے جسم سے فاسد مادے خارج کرتی ہے جس سے سیاہ الی اگ آتی ہے جو ضیائی تالیف کا عمل متاثر کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سکیلز اور سفید مکھی کے کیمیائی تدارک کیلئے باغبان کارگوسلفان 20ای سی کی اڑھائی ملی لیٹر مقدار فی لیٹر پانی میں حل کر کے سپرے کریں جبکہ کیڑوں کے خطرناک حملہ کی صورت میں لیمڈااسائی ہیموتھرپن یا ٹرائی کلور فان کی اڑھائی ملی لیٹر مقدار فی لیٹر پانی میں حل کرکے اس کے سپرے سے بھی بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔