غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے پیداوار کو اعلیٰ ترین اہداف تک پہنچانا ہو گا، ماہرین جامعہ زرعیہ

منگل 20 ستمبر 2016 15:04

فیصل آباد۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 ستمبر۔2016ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے کہاہے کہ سال 2050ء میں دنیا کی آبادی 9ارب سے بھی تجاوز کر جائے گی جبکہ غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے زرعی سائنسدانوں کو دستیاب زمینی و آبی وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے زرعی اجناس کی پیداواریت کو اعلیٰ ترین اہداف تک پہنچانا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غذائی ضروریات کے حوالے سے جامعہ زرعیہ نے زرعی پیداوار میں شاندار اضافہ کیلئے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے تحت بعض دیگر اداروں کے اشتراک سے صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں کسانوں کو زمین کی ذرخیزی، کھادوں کے استعمال، موسمی تبدیلیوں کے تناظر میں پیداواری منصوبوں کی ازسرنو تشکیل، مشینی کاشت کے نئے انداز اور ویلیوایڈیشن کے ساتھ ساتھ مارکیٹنگ کے سلسلے میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں کسان میلوں اور تربیتی سیمینار کا بھی اہتمام کیاجارہاہے تاکہ زرعی سائنسدان براہ راست کسانوں کے ساتھ باہمی رابطے کے ذریعے ان کے مسائل حل کرنے اور ملک میں زرعی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں بھرپور کردار ادا کر سکیں ۔