Live Updates

طلال چوہدری کا پی ٹی آئی کے رائے ونڈ مارچ کو روکنے کیلئے لیگی ڈنڈا بردار فورس کے قیام سے اظہارِ لاتعلقی

منگل 20 ستمبر 2016 14:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 ستمبر۔2016ء) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رائے ونڈ مارچ کو روکنے کیلئے ڈنڈا بردار فورس کے قیام سے اظہارِ لاتعلقی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس قسم کی فورس بنانے کا فیصلہ پارٹی کی قیادت کی جانب سے نہیں کیا گیا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ یہ چند لوگ ہیں جو اپنے جذبات کی وجہ سے ایسا کررہے ہیں تاہم اس کا تعلق نہ تو مسلم لیگ (ن) کی صوبائی اور نہ ہی مرکزی قیادت سے ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ سب کچھ صرف اس کیلئے ہوا کیونکہ تحریک انصاف نے وزیراعظم کی رہائش گاہ رائے ونڈ جانے کا فیصلہ کیاجو کہ ایک روایتی جلسہ گاہ نہیں ہے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کی کسی بھی فورس کی حمایت نہیں کرتے اور نہ ہم نے پہلے کبھی تشدد کا راستہ استعمال کیا۔

(جاری ہے)

نہوں نے کہاکہ اگرچہ عمران خان یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ نواز شریف کی رہائش گاہ سے کچھ فاصلے پر رہ کر احتجاج کریں گے لیکن جو ایک عام تاثر پیدا ہوتا ہے وہ یہی ہے کہ وزیراعظم کے گھر کی طرف جانے کی بات ہورہی ہے اور پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ مکمل وضاحت کرے کہ احتجاج کا اصل مقام کیا ہوگا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کی طرف سے تمام عہدیداروں کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ کسی قسم کے اشتعال میں نہ آئیں اور پنجاب حکومت اس سلسلے میں مکمل تعاون کرے گی۔ اگر کسی بھی طرف سے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو اس سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔لیگی رہنما نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) نے پی ٹی آئی کو متعدد جلسوں میں ہر طرح کی سیکیورٹی فراہم کی تھی اور اس مرتبہ بھی صوبائی حکومت اپنا فرض پورا کریگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات