ملک میں دہشت گردی لوٹ کھوسٹ کی بنیادی وجہ معاشرے سے احساس کا خاتمہ ہے،میر عبدالکریم نوشیروانی

پیر 19 ستمبر 2016 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19ستمبر ۔2016ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ملک میں آج جو دہشت گردی اور لوٹ کھوسٹ کا بازار گرم ہے اس کی بنیادی وجہ ہمارے معاشرے سے احساس کا خاتمہ ہے۔ معاشرے سے احساس کے خاتمے سے بھائی چارگی، محبت، اخوت اورحب الوطنی دم توڑچکی ہے اور معاشرہ بے حس ہوچکا ہے ہمیں اپنے اندر اس احساس کو دوبارہ زندہ کرنا ہوگا اور قیام امن اور ملک کی سلامتی کیلئے اپنے تمام سیاسی مقاصد کو پس پشت رکھ کر صرف پاکستان کو فوکس کرتے ہوئے اس دہشت گردی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی پھر جاکر پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ بات اُنہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ مجھے ان حالات پر ایک شعر بہت یاد آتا ہے جس کا مفہوم یہ ہے کہ’’ فاتحہ لوگوں کے مرنے پر نہیں پڑھنی چاہیے احساس کے مرنے پر پڑھنی چاہیے کیونکہ لوگ مر جائیں تو صبر آجاتا ہے اگر احساس مرجائے تو معاشرہ بھی مرجاتا ہے‘‘ ہمارے ملک میں ایک دوسرے کیلئے کسی کو کوئی احساس نہیں نہ کسی کو ملک کا نہ عوام کا بلکہ بے حس معاشرے میں ہر کوئی اپنی ذات کیلئے لگا ہوا ہے خواہ وہ سیاست کرتا ہے یا کوئی اور کام کرتا ہے اسے نہ ملک کا احساس ہے نہ ملک کے عوام کا جبکہ ہم سب الحمد اﷲ اپنے آپ کو مسلمان کہلاتے ہیں اور بھائی چارگی، اخوت اور حب الوطنی کا درس دیتے ہوئے نہیں تکھتے جبکہ عملی طور پر ہم اس کے برعکس چل رہے ہیں سیاست میں دھوکہ دہی اور اپنی ذات کیلئے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں ایسے حالات میں دہشت گردی پنپ رہی ہے اور معاشرے میں احساس کے خاتمے سے ہم ایک دوسرے سے دور ہوتے چلے جارہے ہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم معاشرے میں احساس کو دوبارہ زندہ کریں اور ملک کی سلامتی اور قیام امن کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کریں کیونکہ یہ مملکت خداداد ہم نے اسلام کے نام پر حاصل کی ہے اور ہمیں تمام مذہبی منافرت اور سیاسی مقاصد کو پس پشت رکھ کر اس ملک کیلئے سوچنا چاہیے تب جاکر ہم دہشت گردی کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہونگے اور یہ ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :