ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کا اجلاس، ڈاکٹر فاروق ستار کو مرکزی شعبہ جات کی کارکردگی و دیگر امور سے آگاہ کیاگیا

دور حاظر میں سوشل میڈیا کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، ہمارا اتحاد، ہمارا نظم و ضبط اور ہماری ثابت قدمی ہمارا اثاثہ ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

پیر 19 ستمبر 2016 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19ستمبر ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)کے عارضی مرکز واقع پی آئی بی کالونی میں شعبہ اطلاعات اور اس سے منسلک دیگر شعبہ جات کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایم کیو ایم (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کی جبکہ اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر عامر خان، اراکین رابطہ کمیٹی سید امین الحق اور کمال ملک، حق پرست اراکین اسمبلی علی رضا عابدی اور فیصل سبزواری اور تمام مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

اجلاس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ ہمارا اتحاد، ہمارا نظم و ضبط اور ہماری ثابت قدمی ہمارا اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 اگست کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ہم سب نے متفقہ طور پر لندن سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس واقعے کے بعد سے ہم تمام شعبہ جات کو منظم کر کے درست سمت میں لے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو اعلانات کئے ہیں ہم ان پر قائم ہیں۔ دور حاظر میں سوشل میڈیا کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے سربراہ ایم کیو ایم (پاکستان) ڈاکٹر فاروق ستار کو مرکزی شعبہ جات کی کارکردگی اور دیگر امور سے آگاہ کیا۔