پیپلز پارٹی میں بے وفائی کرنے والے جیالوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے‘ پارٹی کے غداروں کے خلاف مرکزی قیادت فیصلہ کرے گی‘ جھڈو پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور آئندہ بھی رہے گا

رکن صوبائی اسمبلی حیات خان ٹالپور‘ نو منتخب ضلعی چیئرمین میر انور علی ٹا لپور ،میر عرفان ٹالپور و دیگر کا جلسہ عام سے خطاب

پیر 19 ستمبر 2016 22:43

جھڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19ستمبر ۔2016ء) پیپلز پارٹی میں بے وفائی کرنے والے جیالوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ، پارٹی کے غداروں کے خلاف مرکزی قیادت فیصلہ کرے گی ۔ جھڈو پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور آئیندہ بھی رہے گا ۔ یہ بات رکن صوبائی اسمبلی میر حاجی حیات خان ٹالپور، نو منتخب ضلعی چیئرمین میر انور علی خان ٹا لپور ،میر عرفان ٹالپور ، عیسیٰ کمبر ، حاجی محمد اسلم قائم خانی اور دیگر نے جھڈو میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

جلسہ سے قبل پی پی کے جیالو ں نے ایک ریلی نکالی جس میں میر پور خاص ، ڈگری ، ٹنڈو جان محمد ، نوکوٹ سمیت دیگر علاقوں کے کارکن بہت بڑی تعداد میں شریک ہو ئے ۔ جلسہ عام میں خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جھڈو میں پیپلز پارٹی کا میاب ہو نے کے باوجود اپنا چئیرمین نہیں لا سکی جس سے عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے لیکن پارٹی تمام تر توجہ جھڈو پر فوکس کر کے تمام محرومیوں اور شکایتوں کا ازالہ کر ے گی ۔ انہوں نے کہا جن کونسلروں نے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا ان کو پی پی میں برداشت نہیں کیا جا ئے گا اور ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی تا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے کی روش کا راستہ روکا جا سکے۔