کراچی‘عوامی نیشنل پارٹی (ولی) نے ممبر سازی مہم کا اعلان کردیا

پیر 19 ستمبر 2016 22:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19ستمبر ۔2016ء)عوامی نیشنل پارٹی (ولی) کی جانب سے ممبر سازی مہم کا اعلان کردیا اگلے ماہ اکتوبر میں باقاعدہ ممبر سازی کا آغاز کردیا جائیگا ، کراچی وحیدرآباد سمیت سندھ کے دیگرشہروں میں ممبر سازی کے لیے کیمپ لگائے جائینگے ، اس فیصلے کا اعلان گذشتہ روز اباسین ہاؤس میں اے این پی (ولی) کی جانب سے منعقد کی گئی عید ملن پارٹی میں کیا گیا اس موقع پر سندھ کے صدر لال فضل کریم ، صوبائی سیکریٹری جنرل قاسم جان ،سیکریٹری اطلاعات شاکر بونیری سمیت صوبائی ، ضلع صدور اورکثیر تعدادمیں پارٹی کے کارکنان موجود تھے شرکاء نے ممبر سازی کے اعلان پر خوشی ومسرت کا اظہار کیا ۔

، تقریب مین سندھ کے صدر لالا فضل کریم نے کارکنان سے خطاب میں کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی( ولی) کے منشور کا پہلا نقطہ امن پر مشروط ہے اور اس امن کی خاطر باچا خان اور خان عبدالولی خان نے عدم تشدد کے فلسفے پر گامزن ہوکر جدوجہد کی اور ملک ہر قسم کے فسادات سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا اور اسی تسلسل میں آج مرکزی صدر بیگم نسیم ولی خان اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے ،اے این پی ولی سندھ کے سیکریٹری جنرل قاسم جان نے اس موقع پر کہا کہ ایک دفعہ پھر پختونوں اور بلوچوں کے وسائل پر قبضہ کیا جارہا ہے لیکن لیڈران صرف پانامہ لیکس پر شور مچا رہے ہیں، جبکہ اصل کرپشن سی پیک کوریڈور منصوبے کی تبدیلی ہے انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان اور پختونخوا ملک کے پسماندہ صوبے ہیں کوریڈور منصوبہ کی وجہ سے ان دونوں صوبوں کی تقدیر بدل سکتی تھی ،لیکن پنجاب حکومت کو بلوچوں اور پختونوں کی خوشحالی منظور نہیں اور نہوں نے اس منصوبے میں 600 کلو میٹر اضافہ کرکے روٹ کا رخ پنجاب کی جانب موڑ دیا لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ صرف بیگم نسیم ولی خان کے علاوہ کوئی بھی لیڈر اس کے خلاف آواز نہیں اُٹھا رہا انہوں نے مزید کہا کہ کوریڈور منصوبے میں ردوبدل کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی خاطر پانا مہ لیکس کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے اور میڈیا اور عوام کو پانامہ لیکس میں اینگیج کیا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کوریڈور منصوبے کی بحالی کے لیے بہت جلد عوامی نیشنل پارٹی (ولی) کی جانب سے کراچی میں بھرپور احتجاج اور گرینڈ جلسہ کیا جائے گا، تقریب میں ضلعی صدور سمیت دیگر عہدیداروں نے بھی اپنے خیالا ت کا اظہا ر کیا۔