اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سربراہ اجلاس شروع ، سیکیورٹی ہائی الرٹ ، پولیس اور نیشنل گارڈز کے 1000اہلکار تعینات

وزیراعظم نواز شریف (پرسوں ) اپنے کلیدی خطاب کرینگے ،بین الاقوامی برادری پر زور دیں گے کہ وہ پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی ان کے ملک رضا کارانہ واپسی اور افغان معاشرے میں دوبارہ شامل ہونے اور افغانستان میں مستقل قیام کرنے میں مدد دے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا معاملہ بھی اٹھائینگے

پیر 19 ستمبر 2016 22:36

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19ستمبر ۔2016ء) پناہ گزینوں اور تارکین وطن کے لئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں سیشن کا اعلی سطح کا پہلا سربراہ اجلاس نیو یارک میں شروع ہوگیا جس کا مقصد انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے مربو ط حکمت عملی وضع کرنے کی غرض سے ملکوں کو اکٹھا کرنا ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پناہ گزینوں اور تارکین وطن کے لئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں سیشن کا اعلی سطح کا پہلا سربراہ اجلاس نیو یارک میں شروع ہوگیا جس کا مقصد انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے مربو ط حکمت عملی وضع کرنے کی غرض سے ملکوں کو اکٹھا کرنا ہے۔جنرل اسمبلی نے پہلی مرتبہ پناہ گزینوں اور تارکین وطن کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت سے متعلق سربراہان مملکت اور حکومت کی سطح پر سربراہ اجلاس طلب کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف سربراہ اجلاس میں بدھ کو اپنا کلیدی خطاب کریں گے۔وہ بین الاقوامی برادری پر زور دیں گے کہ وہ پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی ان کے ملک رضا کارانہ واپسی اور افغان معاشرے میں دوبارہ شامل ہونے اور افغانستان میں مستقل قیام کرنے میں مدد دے۔وزیراعظم محمد نواز شریف (پرسوں ) جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مبذول کرائی جاسکے۔

وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مختلف سربراہان مملکت اور مختلف ملکوں کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران وزیراعظم نوازشریف کشمیر کے دیرینہ تنازع کے حل کیلئے اقوام متحدہ کے موثر کردار پر زور دیں گے۔وزیراعظم ایران، سعودی عرب، چین، جاپان، نیوزی لینڈ اور رومانیہ کے رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ امور، علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کے اجلاس بھی ہونگے۔ان اجلاسوں کے دوران تنظیم فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت تصفیہ طلب امور پر بات چیت کرے گی۔ وزیراعظم نوازشریف کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا جہاں پہلے مرحلے میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات اور دوطرفہ تعلقا ت ، دہشتگردی کے خلاف جنگ ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت ، افغانستان سمیت خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور عالمی رہنماؤں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ منہاٹن اور نیو جرسی میں ہونے والے دھماکوں کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور اس سلسلے میں نیویارک میں پولیس اور نیشنل گارڈز کے 1000اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں ۔