امریکہ میں بسنے والے مسلمان اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں، تارکین وطن نے امریکہ کو اپنے اور اپنی آنے والی نسلوں کیلئے رہائش کی جگہ چنا ہے، اس لئے ہم دہشت گردی کے اقدام یا اپنے ساتھی امریکی شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی حوصلہ افزائی نہیں کر سکتے

کشمیر سالیڈیٹری کونسل آف نارتھ امریکہ کے چیئرمین جاوید راٹھور کا بیان

پیر 19 ستمبر 2016 21:02

شکاگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19ستمبر ۔2016ء) کشمیر سالیڈیٹری کونسل آف نارتھ امریکہ کے چیئرمین جاوید راٹھور نے کہا ہے کہ امریکہ میں بسنے والے مسلمانوں کو اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنی چاہیے۔ تارکین وطن نے امریکہ کو اپنے اور اپنی آنے والی نسلوں کیلئے رہائش کی جگہ چنا ہے اس لئے ہم دہشت گردی کے اقدام یا اپنے ساتھی امریکی شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی حوصلہ افزائی نہیں کر سکتے۔

پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ کچھ لوگ امریکہ کی بعض پالیسیوں اور میڈیا کی طرف سے پیدا کئے گئے اسلامو فوبیا کی وجہ سے مایوس ہیں اور اختلاف رکھتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ امریکہ میں بسنے والے مسلمان امریکہ کے خلاف ہیں۔ امریکن مسلمان امریکہ سے محبت کرتے ہیں اور ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکہ ایک جمہوری ملک ہے اور اس کے شہریوں کو آئین کی حدود کے اندر رہ کر حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

امریکی مسلمان امن ‘ احترام اور آزادی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں اس لئے ہمیں زیادہ توانا آواز میں دہشت گردی کی مخالفت کرنی چاہیے۔ بالخصوص ایسے وقت میں کہ جب امریکہ میں بعض عناصر مسلمانوں بالخصوص تارکین وطن کیخلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر کوئی فرد امریکہ میں دہشت گردی کا مرتکب ہوتا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے مسلم کمیونٹی کی حمایت حاصل ہے۔

اگر کوئی مسلمان ایسا کرتا ہے تو یہ اس کا ذاتی فعل ہے جو مسلم دنیا میں ہونے والے واقعات کا ردعمل ہو سکتا ہے۔ امریکہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ اس طرح کے جذبات کی بیخ کنی کیلئے اور اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے دور رس اقدامات کرے۔ ہم امریکی مسلمان کے طور پر امریکہ سے محبت کرتے ہیں ہمیں امن سے پیار ہے ہم امن چاہتے ہیں اور امریکہ سمیت دنیا بھر میں ہر انسانی زندگی کی حرمت کا احترام کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :