آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کی کمرتوڑدی۔نوازشریف

ٹھوس اقدامات سے دہشتگردوں کا ڈھانچہ تباہ کردیا،بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے،توقع ہے کہ امریکی انتظامیہ پاک بھارت تنازعات کے حل میں مدد کریگی،پاک امریکہ شراکت داری علاقائی امن واستحکام کیلئے اہم ہے،وزیرعظم کی امریکی وزیرخارجہ سے گفتگو۔۔ دہشتگردی انتہاپسندی کیخلاف پاک فوج اورسکیورٹی اداروں کا کردارقابل تحسین ہے،جان کیری۔۔وزیراعظم نوازشریف سے نیوزی لینڈ کے ہم منصب نے بھی ملاقات کی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 ستمبر 2016 19:14

آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کی کمرتوڑدی۔نوازشریف

نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19ستمبر2016ء) :وزیرعظم محمد نوازشریف سے امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ملاقات کی ہے،جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘کے دہشتگری میں ملوث ہونے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے جان کیری کو انسداد دہشتگردی کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کی کمرتوڑ دی ہے۔دہشتگردی کیخلاف جنگ اخلاقی ذمہ داری سمجھ کرلڑی ہے۔ٹھوس اقدامات سے دہشتگردوں کا ڈھانچہ تباہ کردیا۔

(جاری ہے)

بلاتفریق کاروائی سے دہشتگرد فرار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مئوثر انداز میں عمل ہورہاہے۔

دہشتگردی کیخلاف ہمارا عزم غیرمتزلزل ہے۔نوازشریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں 107افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ امریکہ مسئلے کے حل کیلئے کردار ادا کرے گا۔ بل کلنٹن نے پاک بھارت مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کا وعدہ کیاتھا۔

توقع ہے کہ امریکی انتظامیہ پاک بھارت تنازعات کے حل میں مدد کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک امریکہ شراکت داری علاقائی امن واستحکام کیلئے اہم ہے۔۔اس موقعہ پر امریکی وزیرخارجہ نے دہشتگردی کیخلاف پاکستانی کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ امن و استحکام پاکستان اور افغانستان کے مفاد میں ہے۔

پاکستان کی معاشی کامیابیاں اور آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل قابل تحسین ہے۔پاکستان نے تعلیم و توانائی کے شعبوں میں مئوثر اقدامات کیے ہیں۔وزیرعظم نوازشریف سے امریکی وزیرخارجہ کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز،طارق فاطمی،امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈاولسن،پاکستانی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری بھی شریک تھے۔

بعد ازاں وزیراعظم نوازشریف سے نیوزی لینڈ کے ہم منصب نے ملاقات کی۔جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم نے نیوزی لینڈ کے ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی معیشت 4.7فیصد کی شرح سے ترقی کررہی ہے۔لائیوسٹاک کے شعبے میں پاکستان نیوزی لینڈ کے تجربات سے مستفید ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیوکلیئرسپلائر گروپ میں مزید ارکان کی شمولیت کا مئوقف قابل تحسین ہے۔ پاکستان نیوکلیئرسپلائی گروپ میں شمولیت کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔