شامی فوج نے امریکی حملے کے بعد داعش کو پسپا کردیا،30جنگجوہلاک

پیر 19 ستمبر 2016 14:06

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 ستمبر۔2016ء) شامی فوج نے مشرقی شہر دیرالزور میں ایک ائیربیس کے نزدیک داعش پر جوابی حملہ کیا ہے اور انھیں وہاں سے پسپا کردیا ہے جس کے نتیجے میں داعش کے تیس جنگجو مارے گئے جبکہ داعش نے شامی فوج کا ایک لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شامی فوج امریکا کی قیادت میں اتحاد کے فضائی حملے کے بعد دیرالزور ائیربیس کے نواح سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئی تھی اور اس نے گزشتہ روز دوبارہ صف بندی کرکے داعش کے جنگجووٴں کے خلاف نیا حملہ کیا ۔

داعش سے وابستہ خبررساں ایجنسی اعماق نے اطلاع دی کہ لڑائی کے دوران جنگجووٴں نے دیرالزور شہر میں شامی فوج کا ایک جنگی طیارہ کسی ہتھیار سے مار گرایا ہے۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ روسی ساختہ مِگ طیارے کا پائیلٹ ہلاک ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

رصدگاہ کا کہناتھا کہ شامی فوج کے جوابی حملے میں داعش کے کم سے کم تیس جنگجو ہلاک ہوگئے ۔

اس نے مزید کہا کہ گذشتہ روز امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے شامی فوجیوں کی تعداد نوّے ہو گئی ہے۔روس نے ان حملوں کے بعد باسٹھ شامی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے ان فضائی حملوں کے بعد کہا ہے کہ اتحادی پائیلٹ یہ سمجھے تھے کہ وہ داعش کو بمباری میں نشانہ بنا رہے ہیں لیکن جونہی شام کے اتحادی روس نے کمانڈروں کو فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی اطلاع دی تو انھوں نے حملے روک دیے تھے۔

متعلقہ عنوان :