وزیر اعظم محمد نواز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب متاثر کن ہو گا،مشتاق مہر

پیر 19 ستمبر 2016 11:56

اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 ستمبر۔2016ء) سابق سفیر مشتاق مہر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب متاثر کن ہو گا۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کا چوتھا خطاب متاثر کن ہو گا جس میں وزیر اعظم مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے بھر پور اندازمیں اجاگر کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایسی خارجہ پالیسی مرتب دی ہے جس کا مقصد ہمسایہ ممالک سمیت دیگر ممالک سے بہتر اور دوستانہ تعلقات استوار کرنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے اڑی میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس واقعے کے پیچھے کوئی عالمی یا علاقائی عوامل کارفرما نہیں بلکہ یہ نہتی کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کا در عمل ہو سکتا ہے۔ سابق سفیر نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے خطاب سے حالات تبدیل ہو نگے اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب مبذول ہو گی اور عالمی برادری اس مسلے کے پر امن حل کی جانب بڑھے گی۔