اڑی حملہ ، بھارتی پروڈیوسر نے پاکستان کے خلاف ٹویٹر پر زہر اُگل دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 19 ستمبر 2016 11:54

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2016ء) : مقبوضہ کشمیر میں اڑی سیکٹر پر بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر ہوئے حملے میں 17 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد سے ہی بھارت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کو برقرار رکھتے ہوئے حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا شروع کر دیا ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ تو کسی طور رکنے کا نام نہیں لے رہا اور اب اس میدان میں بالی وڈ سے تعلق رکھنے والے پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور رائٹر بھی کُود پڑے ہیں۔

بھارتی پروڈیوسر کُنال کوہلی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغامات میں پاکستان مخالف زہر اُگلنا شروع کر دیا ہے۔ اپنے پیغامات میں کُنال کوہلی نے کہا کہ ہم پاکستان کے آرٹسٹ کو اپنے یہاں آنے کی دعوت دینے کے ساتھ ساتھ کام کرنے کا موقع دیتے ہیں لیکن جب ہم پر حملہ ہوتا ہے تو ان کی جانب سے احتجاج کے لیے آواز تک نہیں اُٹھائی جاتی۔

(جاری ہے)

کُنال نے کہا کہ ہم نے بہت بول لیا لیکن اب وقت کسی عمل اور رد عمل کا ہے۔

اپنے پیغام میں کُنال نے لکھا کہ گذشتہ کئی سالوں سے ہم نے ہر ممکن انداز میں امن کی زبان بولی ہے۔ کیا انہوں نے کبھی جواب دیا؟ انہوں نے صرف ہمارا فائدہ ہی اُٹھایا ہے۔

یہ ہماری فلموں پر پابندیاں عائد کرتے ہیں اور ہم ان کے ٹیلنٹ کو فروغ دیتے ہیں۔ ہم امن پر فلمیں بناتے ہیں اور یہ ہم پر حملے کرتے ہیں؟ کیا ہم بہت دیر سے اچھے نہیں بن رہے؟ کُنال کی جانب سے اس قسم کے پیغامات سے سوشل میڈیا پر ملے جُلے تاثرات دیکھنے میں آئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :