وادی سون میں ترقیاتی کام جلد مکمل ہو جائیں گے،جعفر حسین

ہفتہ 17 ستمبر 2016 22:25

سرگودھا۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17ستمبر ۔2016ء )ریجنل مینجر محکمہ ٹورازم خوشاب جعفر حسین بُھٹہ نے کہا ہے کہ محکمہ ٹورازم وادی سون کے تفریحی مقامات پر سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہا ہے اور کروڑوں روپے کی لاگت سے کنہٹی گارڈن ،کھبیکی اور اوچھالی جھیل پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے وادی سون بلا شبہ سیاحوں کے لیے ایک بہترین تفریح گاہ بن جائے گاجبکہ کنہٹی میں ریسٹ ہاؤس، کیمپنگ سائیٹ ،پلے لینڈ ، واٹر فال اور دوکانوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے لیے بیٹھنے کے لیے بینچز اور مرکزی گیٹ مکمل طور پر تیاری کے آخری مراحلے میں ہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ وادی سون میں پیل کے مقام پر گیٹ وے بنایا جائے گا اور دونوں جھیلوں پر بورڈنگ کے علاوہ سردی میں سائبیریا سے آنے والے قیمتی پرندوں کا نظارہ کرنے کے لیے واچ ٹاؤر بھی بنائے جائیں گے۔