وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے پوزیشن ہولڈرطلباء وطالبات کو گارڈ آف آنر دینے ، بیرون ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے جیسے اقدامات کی بدولت طلبہ میں محنت و لگن سے پڑھنے کی رغبت کئی گنا بڑھ گئی ہے

چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ کا انعامی تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 ستمبر 2016 21:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17ستمبر ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے پوزیشن ہولڈرطلباء وطالبات کو گارڈ آف آنر دینے سمیت انہیں بیرون ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے جیسے اقدامات کی بدولت طلباء وطالبات میں محنت و لگن سے پڑھنے کی رغبت کئی گنا بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے اب تمام بورڈز کے نتائج پہلے سے کافی بہتر آ رہے ہیں ان خیالات کا اظہار چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے گزشتہ روز ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں امتحان انٹرمیڈیٹ کمپوزٹ سالانہ 2016ء کے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کے اعزاز میں منعقدہ انعامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آنے چاہئیں کیونکہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں ‘ تاریخ گواہ ہے کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کا مستقبل روشن اور تابناک ہو تا ہے انہوں نے کہا کہ جب میری بطور چیئرمین ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد تقرری ہوئی تو میں نے اس ادارے اور عوام کی بہتری وخوشحالی کیلئے ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا تھا جس پر الحمداﷲ اب تک 90 فیصد سے زائد کام پائیہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے انہوں نے کہا کہ جو شخص کوئی منصوبہ بنائے پھر اس کی خواہش بھی ہوتی ہے کہ اس پر عملدرآمد بھی ہو تاکہ اس کے ثمرات تمام افراد تک پہنچ سکیں یہی میری سوچ و فکر تھی جس پر میں نے تحمل‘ برداشت اور حکمت عملی سے کام جاری رکھا اور آج ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد بہت سے کاموں میں دیگر بورڈوں پر سبقت حاصل کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملازمین کو کمپیوٹر کی تعلیم سے روشناس کروانے کیلئے ایک جدید ترین کمپیوٹرلٹریسی سنٹر قائم کیا گیا ہے جس میں دو شفٹوں میں ملازمین کو ایکسپرٹ آئی ٹی سٹاف ٹریننگ دے رہا ہے تاکہ تمام ملازمین کی ٹریننگ کا کام جلد از جلد مکمل ہو سکے۔ اسی طرح بوٹی مافیا اور ایک سنٹر میں بڑے سکولوں کی اجارہ داری کے خاتمہ کیلئے ری شفلنگ کے ذریعے طلباء وطالبات کو سنٹرز الاٹ کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کی بدولت نقل کے رجحان سمیت دیگر امتحان سے متعلق شکایات میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو لمحہ بہ لمحہ کی تازہ صورتحال سے باخبر رکھنے کیلئے بورڈ کی ویب سائیٹ کو دور حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق اَپ گریڈ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اب بورڈ سے متعلق تمام معلومات لوگوں کی ٹپس پر آ چکی ہیں کیونکہ نئی ویب سائیٹ میں تمام برانچز کے فون نمبرز و فیکس نمبرز سمیت ہر قسم کے فارموں کے علاوہ نئے نوٹیفکیشنز بھی موجود ہیں جس کی وجہ سے لوگ بورڈ میں ہونے والی تمام تر سرگرمیوں سے بھرپور استفادہ حاصل کررہے ہیں۔

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے کہا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ سالانہ 2016ء 7 مئی سے شروع ہو کر8 اگست 2016 ء تک جاری رہا ‘ طلباء وطالبات کیلئے جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ چنیوٹ اور فیصل آباد کے اضلاع میں الگ الگ291 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ امتحان میں 82178 طلبا و طالبات شریک ہوئے جن میں سے 47681 پاس اور 34497 فیل ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 58.02 فیصد رہا۔

تقریب کی صدارت خالدہ منصور ایم این اے نے کی اور مہمان خصوصی میاں محمد رفیق ایم پی اے تھے جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد اسلم قریشی نے سرانجام دیئے جنہوں نے شاندار انداز اور بھرپور الفاظ کے چنا? کے ساتھ معزز مہمانان گرامی کو اسٹیج پر جلوہ افروز ہونے کی دعوت دی۔ تقریب میں چوہدری فقیر حسین ڈوگرایم پی اے‘ حاجی خالد سعید ایم پی اے‘ میاں امجد علی جاوید ایم پی اے‘ ڈاکٹر نجمہ افضل ایم پی اے‘ ثریا نسیم ایم پی اے اور ڈاکٹر نورین عزیز قریشی وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی فار وومن مدینہ ٹا?ن فیصل آباد کے علاوہ پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات‘ ان کے والدین‘ اساتذہ کرام اور ممتاز سماجی و سیاسی شخصیات سمیت شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

تقریب کے آخر میں پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کو مہمانانِ گرامی نے میڈلز‘ شیلڈز اور نقد انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ خرم قریشی نے تمام پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات ان کے والدین اور اداروں کے پرنسپل و اساتذہ کرام کو مبارکباد پیش کی جبکہ ناکام ہونے والے طلباء وطالبات کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ امتحان میں فیل ہونا کوئی بڑی بات نہیں کیونکہ بعض اوقات ناکامی سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے اس لئے آپ ہرگزمایوس نہ ہوں بلکہ زیادہ محنت کرکے آئندہ پوزیشن حاصل کرنے کی کوشش کریں کیونکہ کسی محقق کا بھی معقولہ ہے کہ ’’ناکامی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے‘‘۔

یاد رہے کہ امتحان انٹرمیڈیٹ کمپوزٹ ضمنی 2016ء مورخہ 22۔اکتوبر 2016ء سے شروع ہوں گے جس کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 03 اکتوبر‘ دوگنا فیس کے ساتھ 07۔اکتوبر اور تین گنا فیس کے ساتھ مورخہ12۔اکتوبر 2016ء تک بورڈ آفس میں جمع کروائے جا سکیں گے۔مزید براں چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے کہا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ کمپوزٹ سالانہ 2016ء کے نتائج انتہائی احتیاط اور سپر چیکنگ کے بعد مرتب کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے تاہم ایسے امیدواران جو اپنے رزلٹ سے مطمئن نہ ہوں وہ مورخہ 03 اکتوبر 2016 تک بورڈ قوانین کے مطابق ری چیکنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھا کر اپنا پیپر خود چیک کر سکتے ہیں۔