Live Updates

عمران خان کاسندھ پولیس کے معاملات میں وزیر اعظم کی مبینہ سیاسی مداخلت پر گہری تشویش کا اظہار

خیبر پختونخوا میں اس نوعیت کی سیاسی مداخلت کا تصور تک ناممکن ہے ، خیبر پختونخوا میں پولیس اپنے فرائض کی بجاآوری میں مکمل طور پر خودمختار بنا دی گئی ہے، پانامہ انکشافات کی تحقیقات کے معاملے سے وزیر اعظم انتہائی خوفزدہ ہیں، شیریں مزاری کابیان

ہفتہ 17 ستمبر 2016 21:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17ستمبر ۔2016ء ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سندھ پولیس کے معاملات میں وزیر اعظم کی مبینہ سیاسی مداخلت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان چیئرمین تحریک انصاف ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ کراچی میں ایس ایس پی را انوار کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنما کی گرفتاری کو سیاست کا شکار کر دیا گیا اور وزیر اعظم کے احکامات پر مرکزی حکومت نے ایم کیو ایم رہنما کی رہائی اور ایس ایس پی کی معطلی کیلئے مداخلت کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر اپنے فرائض کی بجاآوری کرنے والے پولیس آفیسر کو وزیر علی سندھ کے ذریعے اسکے عہدے سے معطل کیا گیا اور سندھ جبکہ پنجاب میں اسی قسم کی سیاسی مداخلت کے باعث پولیس امن عامہ کے قیام میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اس نوعیت کی سیاسی مداخلت کا تصور تک ناممکن ہے کیونکہ خیبر پختونخوا میں پولیس اپنے فرائض کی بجاآوری میں مکمل طور پر خودمختار بنا دی گئی ہے۔

شیریں مزاری کا مزید کہنا ہے کہ پانامہ انکشافات کی تحقیقات کے معاملے سے وزیر اعظم انتہائی خوفزدہ ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ پانامہ تحقیقات سے بچنے کیلئے وزیر اعظم پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کی خوشامد میں کسی بھی حدتک جانے کو تیار ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات