وفاقی محتسب نے تمام وفاقی سرکاری محکمہ جات میں عوامی شکایات کے ازالہ کا طریقہ کار وضع کرنے اور ہیلپ لائن قائم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، وفاقی محتسب کے کمشنر برائے تارکین وطن پاکستانی حافظ احسان احمد کھوکھر کی تمام محکموں کے نمائندوں کو ہدایت

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:45

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17ستمبر ۔2016ء) وفاقی محتسب نے تمام وفاقی سرکاری محکمہ جات میں عوامی شکایات کے ازالہ کا طریقہ کار وضع کرنے اور ہیلپ لائن قائم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس ضمن میں ایک جائزہ اجلاس وفاقی محتسب کے سینئر مشیر برائے قانون و شکایات کمشنر برائے تارکین وطن پاکستانی کی زیر صدارت یہاں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں 78 وفاقی سرکاری محکمہ جات کے نمائندوں نے شرکت کی۔

حافظ احسان احمد کھوکھر نے تمام محکموں کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری اور ترجیحا 15 یوم کے اندر ازالہ کیلئے طریقہ کار وضع کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ وزارتوں، ڈویژنوں اور منسلک محکموں اور ماتحت دفاتر، اداروں کی کارکردگی کو پبلک ڈیلنگ کے تناظر میں بہتر بنایا جائے جو اچھے اسلوب حکمرانی اور اعتماد سازی کی بنیادی شرط ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ شکایات کے ازالہ کے طریقہ کار کو خودکار نظام سے مربوط کریں اور اس نظام کو محتسب کے شکایات مینجمنٹ سسٹم سے منسلک کریں تاکہ بروقت اور فوری شکایات کا ازالہ ممکن ہوسکے جس سے نہ صرف افسران کو بھی فائدہ ہوگا۔ حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہاکہ تمام سرکاری محکموں کوچاہئے کہ وہ گریڈ 19 یا اس سے زائد کے افسر کی نگرانی میں عوامی شکایات کے ازالہ کا طریقہ کار متعارف کرائیں اور انہیں فوکل پرسن مقرر کریں اور جو بھی شکایت موصول ہو اس کا اندراج کرکے فوکل پرسن رجسٹرڈ ہو اور وہ فوکل پرسن متعلقہ محکمہ یا شعبہ سے قانون کے مطابق کارروائی کا مجاز ہو۔

انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ہیلپ لائن قائم کرنے کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے رہنمائی حاصل کریں اور ہیلپ لائن کے نظام کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کو آگاہ کیا جائے۔ حافظ احسان احمد کھوکھر نے تمام محکموں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ وزارت، محکموں، ماتحت اداروں سے متعلق معلوماتی کتابچے اور رابطے نمبر اشاعتی مواد کی شکل میں آویزاں کریں اور صارفین اور شکایت کنندگان کو شکایات کے نتائج سے آگاہی بھی فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :