چیچہ وطنی میں تحریک انصاف کے کامیاب جلسے سے (ن) لیگ کے قدم ڈھگمگا گئے ‘سید صمصام بخاری

این اے 162 میں تحریک انصاف کی جیت یقینی ہے ،حلقے کی عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ‘ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پنجاب

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:31

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سید صمصام بخاری نے کہاہے کہ تحریک انصاف ضمنی الیکشن میں بھرپورکامیابی حاصل کرے گی ، پی ٹی آئی کے کامیاب جلسے سے (ن) لیگ کے حلقے میں قدم ڈھگمگا گئے ہیں، حلقے میں (ن) لیگ الیکشن کمیشن کے قوانین کی دھجیاں بکھیر رہی ہے اورترقیاتی کاموں کے نام پرعوام کو دھوکہ دے رہی ہے ،این اے 162 میں تحریک انصاف کی جیت یقینی ہے اور جیت کر حلقے کی عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام میں مقبولیت کم ہو رہی ہے ، (ن) لیگ کی حکومت جنرل الیکشن میں عوام سے کئے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے ، صمصام بخاری نے کہاکہ تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھ کر (ن) لیگ کے درباریوں کے منہ بند ہوگئے ہیں اور انہوں پی ٹی آئی کے خلاف منفی پروپیگنڈہ شروع کردیا ہے ، تحریک انصاف کے کارکن چیئرمین عمرا ن خان پر ہر وقت لیبک کہنے کو تیار ہیں، تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کام کئے ہیں جس سے صوبے میں بڑی تیزی سے تبدیلی آرہی ہے ، تحریک انصاف کے پی کے میں بجلی کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور صوبے سمیت ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کا عزم رکھتی ہے ۔