وزیر اعلیٰ پنجاب کی انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات کو مبارکباد

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباددی ہے اور کہا ہے کہ مجھے ان ہونہار طلباء و طالبات کی کامیابی پر دلی خوشی ہوئی ہے اورایسے بچوں وبچیوں کی کامیابی پر زیادہ خوشی ہے جنہوں نے کم وسائل کے باوجود نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں -وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں پوزیشن ہولڈر کی شاندار کامیابی ان کی محنت کا ثمر ہے -امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات ، ان کے اساتذہ اور والدین مبارکباد کے مستحق ہیں-انہوں نے کہا کہ ایسے ذہین اور با صلاحیت بچے و بچیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہے-پوزیشن ہولڈر ز نے والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی محنت سے اپنے خاندانوں کا نام روشن کیا ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ تعلیم کے زیور سے آراستہ قومیں ہی اپنی منزل حاصل کرتی ہیں -پنجاب حکومت نے معیاری تعلیم کے فروغ کو اپنی پہلی ترجیح بنایا ہے -قوم کے تابناک مستقبل کیلئے نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے -وزیر اعلی نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ بھی باقاعدگی سے جاری ہے اور پنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں دیگر صوبوں کے طلباء و طالبات کو شامل کر کے قومی یکجہتی کو فروغ دیا گیا ہے -

متعلقہ عنوان :