وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ کے مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

پنجاب حکومت نے پروگرام پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیلئے جنوبی اور شمالی پنجاب کیلئے علیحدہ علیحدہ کمپنیاں تشکیل دی ہیں ’’ خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ دیگر منصوبوں کی طرح شفافیت، اعلیٰ معیار اور رفتار میں اپنی مثال آپ ہوگا‘شہباز شریف

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں ’’ خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ کے مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی صحت مند زندگی کیلئے ضروری ہے اور پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے جو پنجاب حکومت ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ کے ذریعے انہیں دے گی اور اس مقصد کے لئے حکومت پنجاب نے اربوں روپے کے وسائل مختص کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح شفافیت، اعلیٰ معیار اور رفتار میں اپنی مثال آپ ہوگا اور اس پروگرام پر عملدرآمد کے تمام امور کی خود نگرانی کروں گا۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے پروگرام پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیلئے جنوبی اور شمالی پنجاب کیلئے علیحدہ علیحدہ کمپنیاں تشکیل دی ہیں۔

اس اقدام سے صاف پانی پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے میں مدد ملے گی اوراس سے مسابقت بڑھے گی اور اس اہم پروگرام پرتیزی سے پیشرفت ہوگی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سی ای او اربن یونٹ، سیکرٹری ہاؤسنگ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی جنوبی پنجاب ایم پی اے کاشف پڈھیار ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :