وزیراعلیٰ شہبازشریف سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کی ملاقات، سی پیک کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

سی پیک گیم چینجر ہے، پاکستان سمیت پورا خطہ مستفید ہو گا،رفتار کیساتھ اعلی معیار اور شفافیت سی پیک کے منصوبوں کا طرہ امتیاز ہے‘شہباز شریف

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے ملاقات کی جس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جاری منصوبوں خصوصاً چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے پراجیکٹس پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے اور سی پیک سے پاکستان سمیت پورا خطہ مستفید ہو گا۔

سی پیک گیم چینجر ہے جس کی تکمیل سے خطے کی تقدید بدلے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پورے پاکستان میں تیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ چین پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

چین کی سرمایہ کاری 46 ارب ڈالر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس میں مزید سرمایہ کاری ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں۔

پاکستان میں اربوں روپے کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے لا تعداد مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔سی پیک خطے سے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور غربت میں کمی لانے کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔وزیر اعلی نے کہا کہ چین کی جانب سے سی پیک کی صورت میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت اور پالیسیوں پر اظہار اعتماد ہے -وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں سی پیک کے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام ہو رہا ہے اوردنیا سی پیک کے تحت تیزی سے لگنے والے منصوبوں پرکام کی رفتار پر دنگ ہے - شہباز شریف نے کہا کہ رفتار کے ساتھ معیار اور شفافیت ان منصوبوں کا طرہ امتیاز ہے -چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پر عملدرآمد سے پاک چین دوستی اور معاشی تعاون ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے - پاک چین معاشی تعاون کے نئے دور کے مثبت اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے - سی پیک کے تحت لگنے والے منصوبوں سے پاکستان سمیت پورے خطے کے عوام کو فائدہ ہو گا -