وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، شہروں کو ہارٹیکلچر اور لینڈسکیپنگ سے خوبصورت بنانے کے پروگرام کا جائزہ

قائداعظم انسٹی ٹیوٹ فار ہارٹیکلچر اینڈ لینڈ سکیپنگ کے قیام کی منظوری، دکانوں اور پلازوں کے باہر ریمپس ختم کرنے کا حکم متعلقہ ادارے ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیں، مجھے باتیں نہیں صرف کام چاہیے،بوٹینیکل گارڈن کو عالمی سطح کا گارڈن بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں، بوٹنیکل گارڈن میں خدمات کو آؤٹ سورس کیا ، محمد شہباز شریف

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کو ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ سے خوبصورت بنانے کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں قائداعظم انسٹی ٹیوٹ فار ہارٹیکلچر اینڈ لینڈ سکیپنگ کے قیام کی منظوری دی گئی ۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہروں کی صفائی کے ساتھ ان کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرنے کیلئے محنت سے کام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے بوٹینیکل گارڈن میں خدمات کو آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بوٹینیکل گارڈن کو عالمی سطح کا گارڈن بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی تسلسل کے ساتھ دیکھ بھال ضروری ہے۔

انہو ں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹس کے روٹس پر پلرز کو خوبصورت بیلوں کے ساتھ دیدہ زیب بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے دکانوں اور پلازوں کے باہر ریمپس کو ختم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ متعلقہ ادارے ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیتے ہوئے نتائج دیں۔ مجھے صرف کام چاہیئے، باتیں نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جو پروگرام جاری ہیں ان کے ثمرات ہر صورت عوام تک پہنچنے چاہئیں۔

ایسے منصوبوں پر قوم کا پیسہ کسی صورت ضائع نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مفاد کا تحفظ اور انہیں سہولتیں فراہم کرنا میری زندگی کا مشن ہے اور متعلقہ اداروں کو جو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ان کو پورا کرنا آپ کا فرض ہے۔ جدت اور انفرادیت لاتے ہوئے شہروں کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے کام کو مکمل کیا جائے۔ عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں ہارٹی کلچرکے فروغ کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اورترقیاتی منصوبوں کو ہارٹی کلچر کے ذریعے خوبصورت اوردیدہ زیب بنایاگیا ہے۔پودے اور پھول آلودگی کے خاتمے کے ساتھ شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں ۔پودوں اورپھولوں کی دیکھ بھال اورحفاظت بھی ضروری ہے ۔پودوں اورپھولوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگرکیا جائے۔ اجلاس میں خواجہ احمد حسان، ڈی جی لاہور والڈ سٹی پراجیکٹ، وائس چیئرمین پی ایچ اے، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی سی او لاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔