احتجاج کے کیریکٹر ایکٹر بہت جلد تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ بن جائیں گے،بلال اعجاز شفیع

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی خدمات دنیا کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی،رہنما مسلم لیگ (ن)

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی میاں بلال اعجاز شفیع نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے کریکٹر ایکٹرز کو متنبہ کیا ہے کہ پاکستانی قوم کے مسائل میں اضافے کی ناپاک کوششوں سے گریز کریں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) قائد اعظم کے خوابوں کو عملی صورت دے کر خطے میں پاکستان کی برتری کی بنیاد رکھ چکی ہے․ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے تاریخی اقدامات نے دنیا کو نئے مہاتیر محمد سے متعارف کروایا ہے․ پاکستان کو عالم اسلام کی قیادت سے روکنے کی سازشیں ہی دراصل میاں محمد نواز شریف کے خلاف احتجاج کی محرک ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما میاں بلال اعجاز شفیع نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا، جنرل سیکریٹری خواجہ طارق نذیر، سیکریٹری اطلاعات ناصر الدین محمود، میڈیا کوآرڈینیٹرعبد الحمید بٹ، سینئر مسلم لیگی رہنما حاجی فضل غفور، نور خان اخوندزادہ، برکت اعوان، رمیز میر بلوچ کے ساتھ ملاقات میں پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ ان پر مرکزی قیادت کی طرف سے اہم ترین ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں تاکہ سندھ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) متبادل قیادت بنایا جا سکے․ سندھ کی حکمران جماعتوں کی کارکردگی نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا دوسری طرف خیبر پختونخوا کے عوام بھی تحریک احتجاج سے مایوس ہو چکے ہیں ․ کشمیر، گلگت بلتستان، اور پنجاب کے عوام نے ہر ہر موقع پر احتجاجی سیاست کو مسترد کر کے دھرنے اور ریلیوں کے کیریکٹر ایکٹرز کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی قوم کی یکجہتی اور میاں محمد نواز شریف پر ان کا اعتماد بہت جلد احتجاجی سیاست کو تاریخ کے کوڑے دان میں دفن کر دے گا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) روٹی کپڑا اور مکان دینے کے خدائی وعدے نہیں کرتی لیکن برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کو آزاد وطن دینے والی ہماری جماعت اس بات کو ضرور یقینی بنائے گی کہ ہر پاکستانی کو عزت کی روٹی کمانے کے مواقع میسر ہوں، ہر پاکستانی عزت نفس مجروح ہوئے بغیر تن ڈھانپنے کا حقدار بنے ، ہر خاندان کا اپنا گھر ہو ․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرحوم رکن قومی اسمبلی میاں اعجاز شفیع کے صاحبزادے بلال اعجاز شفیع نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ہر پاکستانی کی بلاتخصیص عزت نفس کا تحفظ کرے گی روٹی کپڑا اور مکان دینے والی فقط اﷲ کی ذات ہے لیکن وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی کوشش ہے کہ ہر پاکستانی کو بنیادی ضروریات بٓاسانی میسر ہوں۔