قومی ترقی اور معاشی استحکام کا پہیہ جام کرنے والے عناصر پاکستانی قوم کے خوشحال مستقبل کے دشمن ہیں‘ رفیق رجوانہ نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کو عظیم معاشی قوت بنانے کیلئے کوشاں ہے ،انفراسٹرکچر پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے ‘ گورنر پنجاب

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:05

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ قومی ترقی اور معاشی استحکام کا پہیہ جام کرنے والے عناصر پاکستانی قوم کے خوشحال مستقبل کے دشمن ہیں،وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کو عظیم معاشی قوت بنانے کے لئے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لئے انفراسٹرکچر پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے لیکن اس کے برعکس منفی قوتیں پاکستان میں ترقی کا جاری سفر روکنے کے درپے ہیں جو اپنی ان کوششوں میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں میئر میٹروپولٹن اسلام آباد انصر عزیز کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ظہرانے میں سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق،سینیٹر افراسیاب خٹک ، میئر میٹرو پولٹن اسلام آباد شیخ انصر عزیز،آئی جی پولیس اسلام آباد طارق مسعود یاسین ،سابق سینیٹر چوہدری جعفر اقبال گوجر، صدر فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری روئف عالم، نائب صدر ظفر بختاوری،چیئرمین کورآرڈینیشن ملک سہیل حسین، چیئرمین سیکورٹی ایکسچینج کمشن آف پاکستان ظفر حجازی، سینیٹر جاوید عباسی، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ، ایگزیکٹو ممبر حاجی محمد نعیم کے علاوہ صنعت و تجارت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا موجودہ سیاسی قیادت کی شبانہ روز کاوشوں اور کامیاب پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان کا شمار اس وقت دنیاکی ابھرتی ہوئی کامیاب معیشتوں میں ہو رہا ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ملک میں اس وقت سازگار فضاء قائم ہے اور اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے اسلام آباد کے میئر وچیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی سطح پر جمہور ی نظام مستحکم ہونے سے عوامی مسائل تیزرفتاری سے حل ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کا شمار دنیا کے بہترین دارالحکومتوں میں ہوتا ہے اور اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافے اور اسلام آباد کے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کے لئے شیخ انصر عزیز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ بعدازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے اورسیز پاکستانیوں کے وفدنے ملاقات کی۔گورنرنے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے خون پسینے کی محنت کی کمائی سے بھیجے گئے زرمبادلہ سے پاکستانی معیشت مستحکم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بھی اورسیز پاکستانیوں اوران کے اہل خانہ کے مسائل کے حل پر خصوہی تو جہ دی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لئے ضلعی سطح پر خصوصی مراکز قائم ہیں جن میں اورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے اور درپیش مشکلات دور کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں جرمنی اور سپین سے آنے والے اورسیز پاکستانیز کے وفد کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفد کی قیادت جرمنی سے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے نائب صدر راجہ انجم چوہان نے کی جس میں چوہدری تجمل سندھا (سپین) ، فاروق احمد بھٹی ، رضوان نیئر بھٹی ، راجہ ظہور منظور ایڈووکیٹ اورچوہدری محمد آصف بھی شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف بیرون ملک پاکستانیوں سے انتہائی محبت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے انہوں نے خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی خدمت کے لئے گھر بار چھوڑ کر اپنوں سے دور رزق حلال کمانے والے پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا حکومت کا اولین فرض ہے۔

متعلقہ عنوان :