وزیر اعلیٰ نے رسول کالج کوٹیکنالوجی یونیورسٹی کا درجہ دینے کی سمری منظور کر لی، حمیدہ وحیدالدین

ہفتہ 17 ستمبر 2016 17:44

لاہور۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17ستمبر ۔2016ء ) صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی رسول کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی سمری منظور کر لی ہے۔ اس فیصلے سے منڈی بہاؤالدین، قریبی اضلاع اور پورے ملک کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں آسانی ہو گی۔

وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا ویژن ہے کہ پسماندہ علاقوں میں بھی یونیورسٹیاں بنائی جائیں تا کہ کم وسائل کے حامل طلباء کو بھی گھر کے قریب اعلی تعلیم کے مواقع میسر ہوں۔ رسول کالج کو یونیورسٹی کے طور پر اپ گریڈ کرنا دیرینہ عوامی مطالبہ تھا جسے اب منظور کر لیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ملک کی پہلی ٹیکنالوجی یونیورسٹی ہو گی جہاں پر بین الاقوامی معیار کی تعلیم دی جائے گی۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے منصوبے کو عملی شکل دینے کیلئے وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان کی سربراہی میں سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے ارکان میں حمیدہ وحیدالدین ، ایم این اے ناصر اقبال بوسال اور ایم پی اے سید طارق یعقوب رضوی شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کمیٹی کو منصوبے میں پیش رفت کے حوالے سے ماہانہ بنیادوں پر رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔ حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا چارٹر محکمہ ہائر ایجوکیشن، محکمہ صنعت اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور مل کر تیار کریں گے۔اس حوالے سے بل پنجاب اسمبلی سے منظور کروا کے منڈی بہاؤالدین کی عوام کو انمول تحفہ دیا جائے گا کیونکہ ہم صرف وعدے نہیں کرتے بلکہ عمل بھی کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :