وزیراعظم کی ہدایت پر خادم اعلیٰ پنجاب کے تعاون سے پاکستان بیت المال لاہور میں 300 بستروں پر مشتمل برن سنٹر بنارہا ہے ، بیرسٹر عابد وحید شیخ

برن سنٹر کیلئے وفاق اور پنجاب نے 70,70 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کردی ہے، سنٹرآئندہ دو ماہ میں اپنا کام شروع کردیگا، ایم ڈی بیت المال

ہفتہ 17 ستمبر 2016 17:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) پاکستان بیت المال کے ایم ڈی بیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر خادم اعلیٰ پنجاب کے خصوصی تعاون سے پاکستان بیت المال لاہور میں 300 بستروں پر مشتمل برن سنٹر بنارہا ہے جس کیلئے وفاق نے 70 کروڑ جبکہ پنجاب حکومت نے بھی 70 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کردی ہے ،جناح ہسپتال کے بالمقابل برن سنٹرآئندہ دو ماہ میں اپنا کام شروع کردے گا،غریب مریضوں کی صحیح تشخیص اور بروقت علاج کیلئے راولپنڈی اور اسلام آباد میں مفت ٹیسٹ لیبارٹریاں بھی بنائی جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی اے وی کالج روڈ آمدپرسابق ایم این اے ملک شکیل اعوان کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرایم ایل اے احمد رضا قادری،ایم ایس ایف پنجاب کے جنرل سیکریٹری مقبول احمد خان اور انجمن تاجران الیکٹرک مارکیٹ فوارہ چوک کے صدر شیخ فیاض بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایم ڈی بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق برن سنٹر میں علاج معالجے کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف اور محکمہ صحت کے ملازمین اور شہریوں کے مسائل حل کئے جائیں گے․ انہو ں نے کہا کہ مریضوں کے بہتر علاج معالجے کے لیے اور برن سنٹر کی بروقت تکمیل کیلئے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔

ہسپتال میں صحت و صفائی کا نظام بہتر بنانے اور مریضوں کو علاج معالجے کی اعلی سہولتیں مہیا کرنے پر بھرپور توجہ دی جائے گی․ انہو ں نے کہا کہ مریضوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے لاہور،راولپنڈی،اسلام آباد او رملک کے دوسرے علاقوں سے بھی تاجرطبقے اور مخیر حضرات کا تعاون حاصل کیا جائے گا تاکہ وہ مستحق مریضوں کے لیے ادویات, آلات اور خوراک میں اپنا حصہ ڈال سکیں ․ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈائلیسز مشینو ں کے فنڈز کے حصول کے لیے بھی پاکستان بیت المال اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے،دریں اثناء سیاسی و سماجی شخصیات اور معروف کالم نگارناصر محمود مغل،رکن قومی اسمبلی اعجازلحق،سابق سینیٹر سید ظفر علی شاہ،آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین راجہ محمد صدیق،سید اسد علیم شاہ،کنٹونمنٹ بورڈراولپنڈی کینٹ کے وائس چیئرمین ملک منیر احمد، چکلالہ کینٹ بورڈ کے وائس چیئرمین راجہ عرفان امتیازسمیت دیگر نے ملک شکیل اعوان کے گھر واقع ڈی اے وی کالج روڈ آکر ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ خدا تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔