بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 17 ستمبر 2016 16:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 ستمبر۔2016ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو یہاں بلاول ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں پارٹی کو متحرک کرنے اور 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کے شہداء کی یاد میں ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا‘ ریلی سے بلاول بھٹو زردری سمیت پارٹی کے دیگر سینئر رہنما خطاب کرینگے ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کے شہداء کی یاد میں ریلی نکالی جائے گی،ریلی سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردای خطاب کریں گے۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کراچی کے صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی اورریلی کے انتظامات‘ رْوٹ اور مقامِ خطاب کا تعین بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کارکنان کو متحرک کیا جائے گا اور 18 اکتوبر کو پیپلزپارٹی کراچی میں ریلی نکال کر بھرپورعوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گا۔بلاول بھٹو زرداری حال ہی میں عید منا کر لاڑکانہ سے واپس لوٹے ہیں جہاں انہوں نے جیالوں اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر کے اندرون سندھ میں تنظیم نو کی ضرورت پر ذور دیا اور اراکین اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں کے مسائل کے حل کرنے اور علاقہ مکینوں سے روابط بڑھانے کی ہدایات کیں۔