حکومت پنجاب ہونہار طلبہ کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘رانا مشہود

ہفتہ 17 ستمبر 2016 16:38

لا ہو ر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 ستمبر۔2016ء ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب ہونہار طلبہ کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے لاہوربورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان2016ء لاہور بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں ایوانِ اقبال میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت فروغ تعلیم کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔

تاریخ میں پہلی بار تعلیم کیلئے2007-2008کی نسبت 2016کے تعلیمی بجٹ میں 400فیصد سے زیادہ اضافے کے ساتھ فنڈز مختص کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

قوم کے نو نہال مستقبل کے درخشنداں ستارے ہیں ان کی تعلیم و تربیت کیلئے صوبہ بھر میں ستر ہزار اساتذہ بھرتی کیے جا رہے ہیں ۔ جبکہ معیاری تعلیمی ماحول اور وسائل کی فراہمی کے پیش نظرچھتیس ہزارنئے کلاس رومز بنائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔پنجاب حکومت نے تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔ پنجاب انڈوومنٹ فنڈ کے حجم میں خاطر خواہ اضافے کے ساتھ ساتھ طلبہ میں لیپ ٹاپس اور سولر لیمپس کی تقسیم،گارڈ آف آنر اور ہونہار طلبہ کو غیر ملکی مطالعاتی دوروں پر بھجوانے کے علاوہ ہر سطح پر ان کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایات پر نویں کلاس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی بچیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے ۔چیف منسٹرز چائینیز لینگویج سکالرشپ پروگرام کے تحت چینی زبان سیکھنے کیلئے بیجنگ اور شہبازشریف میرٹ سکالرشپ پروگرام کے تحت پی ایچ ڈی کیلئے طلبا و طالبات کو بیرون ملک بھیجا جا رہاہے۔

جہلم کے مڈل کلاس گھرانے سے تعلق رکھنے والے ڈی سی او آفس کے جونیئر کلرک کے بیٹے فرحان جاوید کوسکالر شپ پر کیمرج یونیورسٹی بھیجا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایات پر غریب اور نادار خاندانوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبا و طالبات کو بیرون ممالک کے بہترین تعلیمی اداروں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے ان کا میرٹ پر انتخاب کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کو اپنے والدین اور اساتذہ کے سامنے یہ عہد کرنا ہو گا کہ وطن عزیز کو اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔انہوں نے اساتذہ کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل اورمحفوظ پاکستان کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔صوبائی وزیر تعلیم نے نمایا ں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ، سرٹیفکیٹس،تمغے اورکیش انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر  چیئرمین لاہور بورڈ چوہدری محمد اسماعیل،ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ارتضیٰ نقوی، کنٹرولر لاہور بورڈ ناصر جمیل، طلبہ و طالبات کے والدین، اساتذہ ا اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔