شاہ پور کانجراں میں بوائلر پھٹنے سے فیکٹری کی چھت مزدورں پر آ گری ،تین مزدور ملبے کے نیچے دب کر جاں بحق ‘2 زخمی

وزیر اعلیٰ کاجاں بحق مزدوروں کے لواحقین کیلئے 5‘5لاکھ امداد کا اعلان

ہفتہ 17 ستمبر 2016 16:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 ستمبر۔2016ء) لاہور کے علاقہ شاہ پور کانجراں میں بوائلر پھٹنے سے فیکٹری کی چھت مزدورں پر آ گری جس کے نتیجے میں تین مزدور ملبے کے نیچے دب کر جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے،دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا،اطلاع ملنے پر امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو ملبے کے نیچے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

پولیس اور ریسکیو کے مطابق شاہ پور کانجراں میں واقع فیکٹری میں صبح کے وقت معمول کے مطابق کام جاری تھا کہ اچانک فیکٹری کا بوائلر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔

(جاری ہے)

دھماکے کی شدت سے فیکٹری کی چھت مزدوروں پر آ گر گئی ، اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ،ریسکیو 1122،پولیس سمیت دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اورملبے سے3 لاشیں اوردو زخمیوں کو نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کردیا ۔

جاں بحق ہونے والوں میں خضر، وقار اور صفدر جبکہ زخمیوں میں فیصل اور حاجی محمد شامل ہیں ۔فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کی اطلاع ملنے پر کام کرنے والے مزدوروں کے اہل خانہ پریشانی کے عالم میں فیکٹری پہنچ گئے اور اپنے پیاروں کی خیریت دریافت کرتے رہے ۔اطلاع ملنے پر مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر حکام بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر رکن اسمبلی سیف الملوک کھوکھر نے بتایا کہ واقعہ صبح ساڑھے 6بجے کے قریب پیش آیا جس کے بعد امدادی ٹیموں نے فوراً موقع پر پہنچ کر کام شروع کر دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے 5.5لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے ۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شہبازشریف نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمی مزدوروں کو بہترین علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :