چولستانیوں کو بھی ترقی کے دائرے میں شمولیت دی جائے گی ،انکے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ‘ ملک اقبال چنٹر

ہفتہ 17 ستمبر 2016 14:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 ستمبر۔2016ء)صوبائی وزیر امداد باہمی و چیئر مین چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ چولستانیوں کو بھی ترقی کے دائرے میں شمولیت کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،چولستان کے لوگوں کے بنائے گئے فن پاروں اور پارچہ جات کو وسیع پیمانے پر متعارف کرانے کے لئے ملک بھر میں ڈسپلے سنٹرز قائم کئے جائیں گے اور ان کی بنائے اشیاء کو دیگر ممالک میں بھی متعارف کرائی جائیں گی۔

یہ بات انہوں نے چولستان سے آئے وفد سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے ڈویژنل ، ضلعی و مقامی یونٹس کے صدور و سربراہان بھی موجود تھے۔ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ جنوبی پنجاب خصوصاً بہاول پور کے عوام کی امنگوں کے مطابق ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چولستان کے لوگوں کے بنائے گے مختلف قسم کے ملبوسات،چادریں اور دیگر پارچہ جات کو ملک بھر میں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

ان کی بنائی اشیاء کو وسیع پیمانے پر متعارف کروانے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔جس سے وہاں کے لوگوں میں معاشی خوشحالی کا دور شروع ہو جائے گا۔ صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اعتماد کرتے ہوئے انہیں ایک اہم عہدہ کی ذمہ داری سونپی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ بہاول پور کے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنا یا ہے اور بنا تے رہیں گے اور عوام کی بہتری کے لئے تمام تر وسائل اور اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بہاول پور میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو چکا ہے اور عوام کو صحت کی سپیشلائزڈ سہولیات کی فراہمی کے لئے 410بستروں پر مشتمل سول ہسپتال اپنی خدمات کامیابی سے سرانجام دے رہا ہے۔