ضمنی بلدیاتی انتخابات کے موقع پر پشاورڈویژن کے21پولنگ سٹیشنزحساس قرار

پولنگ سٹیشنوں پر پولیس اہلکاروں کی اضافی نفریاں موبائل سکواڈ ٹیمیں اورریپڈ رسیانس فورس تعیناتی کے احکامات

جمعہ 16 ستمبر 2016 23:17

پشاور۔16ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16ستمبر ۔2016ء) پشاور پولیس نے پشاورکے تین ڈویژن میں 20 ستمبر کو ہونیوالے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے موقع پر 38پولینگ سٹیشنوں میں سے 21 پولینگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے انتخابات کے موقع پر کسی قسم نامساعد حالات سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل دیکر پولینگ سٹیشنوں پر پولیس اہلکاروں کی اضافی نفریاں موبائل سکواڈ ٹیمیں اورریپڈ رسیانس فورس تعیناتی کے احکامات جاری کردیے ،جبکہ ضلعی حکومت کو انتخابات کے دو روز قبل سے دفعہ 144 کے نفاذ کیلئے مراسلہ بھی ارسال کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشاورپولیس لائن میں ایس ایس پی آپریشن عباس مجید خان مروت کی سربراہی میں پشاورکے تین ڈویژنوں کی حدود متھرا ، خزانہ ، بھانہ ما ڑی ، یکہ توت اوریونیورسٹی کیمپس میں 20 ستمبر کو منعقد کیے جانیوالے ضمنی بلدیاتی انتخابات کی سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر ایس پی سیکورٹی صاحبزادہ سجاد ، ایس پی سٹی گل نواز خان جدون ، ایس پی ہیڈ کوارٹرجہانزیب خان ، ایس ڈی پی اووز اوردیگر پولیس افسران بھی موجود تھے پولیس حکام نے ضمنی بلدیاتی انتخابا ت کے موقع پر بنائے گئے ٹوٹل 38 پولینگ سٹیشنوں میں سے 21 پولینگ سٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 17 کو حساس قرار دیدیا ،ان پولینگ سٹیشنوں میں خواتین کے 17 اورمرد حضرات کیلئے 19 پولینگ سٹیشن تشکیل دیے گئے ہیں پولیس حکام نے حساس پولینگ سٹیشنوں کے فول پروف سیکورٹی انتظامات اورانتخابات کے موقع پر کسی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے سیکیورٹی پلان بھی تشکیل دیدیا ہے جس کے تحت انتہائی حساس پولینگ سٹیشنوں پر 45 پولیس افسران اوراہلکاران جبکہ حساس پولینگ سٹیشنوں پر 35 افسران اوراہلکاروں کو تعینات کیا جائیگا اس کے علاوہ خواتین کے ہر پولینگ سٹیشن پر 7،7 لیڈیز پولیس بھی ڈیوٹیاں سرانجام دینگی اس کے علاوہ امن وامان کے قیام کیلئے اضافی پولیس موبائل ٹیمیں اورریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار بھی اپنے اپنے ڈویژن میں واقع پولینگ سٹیشنوں پر گشت کرتے رہینگے جبکہ ہر ڈویژن کا ایس پی خود ان تمام سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کریگا ایس ایس پی عباس مجید خان مروت نے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر قیام امن کی غرض سے ضلعی حکومت کو انتخابات کے دو روز قبل 18 ستمبر سے پشاورمیں دفعہ 144 کے نفاذ کیلئے مراسلہ بھی ارسال کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی نے اس موقع پر پولیس افسران اور جوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام علاقوں میں انتخابات کیدوران فول پروف سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں اوراس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی داخلی خارجی راستوں کی بھی فول پروف سیکیورٹی کرتے ہوئے ہر آنے جانے والے مشکوک افراد کی مکمل چیکنگ کی جانی چاہیے جبکہ انتخابات کے روز تمام ہوٹلوں اورسرائے کی بھی مکمل چیکنگ کی جائے اورپولینگ شروع ہونے سے قبل تمام پولینگ سٹیشنوں کو بم ڈسپوزل سکواڈ اورسنیپر ڈاگ کے زریعے کلیئر کرایا جائے تاکہ کسی قسم ناخوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے قبل ہی روکا جاسکے ۔۔