حکمران ٹولہ ملک کو قرضوں میں جکڑ کر غیر ملکی غلامی میں دینے کی پالیسی پر گامزن ہے، عمران خاں

اتوار کو رائے ونڈ مارچ کے راؤنڈ کا اہم اعلان کرینگے

جمعہ 16 ستمبر 2016 23:17

ساہیوال( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16ستمبر ۔2016ء)تحریک انصاف پاکستان کے چیئر مین عمران خا ں نے رائے علی نواز سٹیڈیم چیچہ وطنی میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ ملک کو قرضوں میں جکڑ کر غیر ملکی غلامی میں دینے کی پالیسی پر گامزن ہے لیکن ہم پاناما لیکس کا حساب لیکر دم لینگے ۔ انہوں نے کہا تین سال قبل پاکستان چھ ہزار ارب قرضوں کا مقروض تھا لیکن نواز شریف حکومت نے اقتدار میں آکر بائیس ہزار ارب کے مزید قرضے لیکر پاکستان کو اٹھائیس ہزار ارب کا مقروض کر دیا ہے انہو ں نے کہا اتوار کو رائے ونڈ مارچ کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے اور رائے ونڈ مارچ ہو کر رہے گا اور رائے ونڈ کی طرف عوامی سونامی جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ، ایف آئی اے اور نیب کو حکمرانوں نے کرپٹ کر دیا ہے اور سپیکر نے جانبداری برت کر سپیکر کہلانے کا حق کھو دیا ہے اس لیے اب وہ صرف ایاز صادق ہے جب اداروں نے انصاف نہیں دیا تو انہوں نے عوا م کے ذریعے رائے ونڈ مارچ کر کے عوامی طاقت سے حساب لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل تحریک انصاف کے وائس چیئر مین مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا اور دونوں رہنماؤں نے تحریک انصاف کے امیدوار رائے مرتضیٰ اقبال کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی ۔

عمران خاں جب گاڑیوں کے قافلہ کے ساتھ مغربی بائی پاس چیچہ وطنی پہنچے تو انہیں بہت بڑے جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا راستہ میں بازاروں میں لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انکا یہ قافلہ جلسہ گاہ تک دو گھنٹے میں دو کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکا ۔