وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی جنوبی افریقہ میں اپنے ہم منصب سے ملاقات

سرمایہ کاری، اقتصادی،دفاعی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال پاکستان اورجنوبی افریقہ تعلقات تیزی سے مستحکم ہو رہے ہیں ٗوفاقی وزیر

جمعہ 16 ستمبر 2016 23:11

پریٹوریا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16ستمبر ۔2016ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اورجنوبی افریقہ تعلقات تیزی سے مستحکم ہو رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کویہاں پریٹوریا میں جنوبی افریقہ کے اپنے ہم منصب ماپیسا ناکولا سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔دونوں وزراء نے سرمایہ کاری، اقتصادی،دفاعی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر بتا یا گیا کہ پاکستان اورجنوبی افریقہ مشترکہ کمیشن کا نائب وزیر خارجہ سطح کا پانچواں سیشن رواں سال نومبر میں اسلام آباد میں ہو گا۔اجلاس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا جائیگا۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کی خاتون وزیر برائے دفاعی پیداوار نے نومبر میں پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے اعلان کیا کہ دونوں ملکوں کے مابین دفاعی سے متعلق امور میں تیزی لانے کی غرض سے رواں سال اسلام آباد میں دفاعی اتاشی کا دفتر قائم کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ نیا دفاعی اتاشی روان سال کے آخر تک اپنی زمہ داریوں کا چارج سنبھال لیں گے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کیساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔دونوں وزراء نے جنوبی افریقن آرمی پرسنل کیلئے پاکستان میں دستیاب بہترین تربیتی سہولتوں کے موقع سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔پارلیمانی سیکرٹری دفاع چوہدری جعفر اقبال اور جنوبی افریقہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نجم الثاقب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

رانا تنویر افریقہ ائرو سپیس اینڈ ڈیفنس ایگزی بیشن 2016میں شرکت کی غرض سے جنوبی افریقہ کے دورے پر ہیں۔رانا تنویر حسین نے وفد کے ہمراہ پاکستان کے تیار کردی مشاق طیاروں کا فضائی مظاہرہ دیکھا۔بعد ازاں وفاقی وزیر رانا تنویر نے پی اے ایف،پی او ایف،پی اے سی،ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن بیرو (ڈی ای پی او)،این ٹی آرسی،پاکستان بزنس ایوی ایشن اور لیاقت کارپوریش کی جانب سے خوبصورتی سے تیار کردہ پاکستان پیو یلین کا دورہ کیا۔وفاقی وزیر نے جنوبی افریقہ کے دفاع سے متعلق کمپنیوں ڈینئیل اور پیرا ماونٹ گروپ کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

متعلقہ عنوان :