Live Updates

امریکی عدالتیں عمران خان کو گناہ کبیرہ پر طلب کر چکی ہیں ٗ خان صاحب پاکستانی قوم کی نمائندگی کیلئے امریکہ نہ جائیں ٗپرویز رشید

وزیر اعظم کانام پانامہ پیپرز میں نہیں ہے ٗ تحریک انصاف کے سربراہ اﷲ کا خوف کریں اور سچ بولیں ٗوزیر اطلاعات کا بیان

جمعہ 16 ستمبر 2016 23:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16ستمبر ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ امریکی عدالتیں عمران خان کو گناہ کبیرہ پر طلب کر چکی ہیں ٗ خان صاحب پاکستانی قوم کی نمائندگی کیلئے امریکہ نہ جائیں ٗ وزیر اعظم کانام پانامہ پیپرز میں نہیں ہے ٗ تحریک انصاف کے سربراہ اﷲ کا خوف کریں اور سچ بولیں ۔

جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ امریکی عدالتوں نے عمران خان کو ان کے گناہ کبیرہ پر طلب کیا ہے ٗانہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے ملک کی کیا خدمت کریں گے اور عام پاکستانی بھی عمران خان کی وجہ سے منفی‘ بے کردار اور مضحکہ خیز تصور کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے شرمناک عمل بیرونی دنیا خصوصاً امریکہ جیسے ملک میں قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

اس لئے عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ پاکستانی قوم کی نمائندگی کیلئے امریکہ نہ جائیں کیونکہ امریکی عدالتیں انہیں پیش ہونے کے لئے طلب کر لیں گی اور کہیں گی عمران خان حاضر ہو جاؤ‘ اس لئے عمران خان اﷲ کا خوف کریں اور سچ بولیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا نام پانامہ پیپرز میں نہیں ہے تاہم عمران خان اور جہانگیر ترین سمیت ان کے ساتھیوں کے نام آف شور کمپنیوں میں آئے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات