آصف زرداری سے سینیٹر رحمان ملک کی ملاقات، ملک کی موجودہ سیاسی اور پاناما لیکس معاملے سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال

حکومت دہشتگردی و بین الاقوامی تنہائی کو ختم کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کرے ، ملاقات میں بھارت کے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی مذمت کی گئی ، پی پی مظلوم کشمیریوں کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی، آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، ظالمان بیگناہ لوگوں کو ٹارگٹ کرکے خوف و حراس پھیلانا چاہتے ہیں ،رحمان ملک کی گفتگو

جمعہ 16 ستمبر 2016 21:12

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16ستمبر ۔2016ء ) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری سے سینٹر رحمان ملک کی لندن میں ملاقات، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگوکی گئی جبکہ پاناما لیکس کیوجہ سے ملک میں پیدا شدہ صورتحال زیر بحث آیا۔جمعہ کو ونے والی ملاقات کے بعد سینیٹر رحمان ملک نے میڈیا کوبتایا کہ پیپلز پارٹی کی حکمت عملی ملک کی مستقبل کو مد نظر رکھ کر بنائی جاتی ہے،آصف علی زرداری نے بطور صدر ملک کی امیج کو "فرینڈز آف پاکستان" کے ذریعے بہتر بنایا تھا۔

سینٹر رحمان ملک نے کہاکہ حکومت دہشتگردی و بین الاقوامی تنہائی کو ختم کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کرے۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں بھارت کا کشمیریوں پر ظلم و ستم کی مذمت کی گئی۔

(جاری ہے)

رحمان ملک نے کہاکہ آصف علی زرداری نے کہا کہ پی پی ہمیشہ اپنے مظلوم کشمیریوں کیساتھ ہے اور ان کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ دریں اثناء اپنے ایک بیان میں سینٹر رحمان ملک نے مہمند ایجنسی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ انہیں قیمتی جانوں کی ضیاع پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے۔

رحمان ملک نے کہاکہ پورے ملک میں دہشتگردی کیخلاف بلاامتیاز آپریشن کی اشد ضرورت ہے۔ آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیگناہ لوگوں کو ٹارگٹ کرکے یہ ظالمان خوف و حراس پھیلانا چاہتے ہیں ۔