بلدیہ شرقی میں عیدالاضحی کے بعد خصوصی صفائی مہم کا آغاز، کچراکنڈیوں کی صفائی کاکام جاری

عیدلاضحی کے تینوں دن مجموعی طور پر 672 شکایات موصول ہوئیں ،انکا بروقت ازالہ یقینی بنایا گیا

جمعہ 16 ستمبر 2016 19:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16ستمبر ۔2016ء)چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ عیدلاضحی کے بہترین انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے عید کے بعد بھی عوام کو تمام تر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا اسی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے خصوصی صفائی مہم کا آغاز کیا گیاہے تاکہ جانوروں کے چارے ، مٹی اور دیگر باقیات کامکمل طور پر خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ کچرا کنڈیوں کی صفائی اور بڑے پیمانے پر جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے ذریعے شہرمیں جراثیموں کی افزائش کو روکا جاسکے اس سلسلے میں گلشن اقبال زون سے غازی صلاح الدین روڈ، شرف آباد ، گلشن اقبال بلاک 3مسجد تقویٰ، فہد اسکوائر، ڈسکو بیکری، گلستان جوہراور جمشید زون کے دیگر علاقوں میں ڈمپرز اور لوڈرز کی مدد سے بڑے پیمانے پر صفائی ستھرائی کے اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بلدیہ شرقی میں عیدالاضحی کے تینوں دن شکایتی مراکز میں مجموعی طور پر((672شکایات موصول ہوئیں جنہیں افسران کی زیر نگرانی بروقت حل کیا گیا ، ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے بلدیہ شرقی میں عید الاضحی کے حوالے سے بہترین انتظامات پر بلدیہ شرقی کی انتظامیہ کو زبرست لفظوں میں سراہا۔ واضح رہے کہ بلدیہ شرقی کی انتظامیہ نے عیدالاضحی کے بعد خصوصی صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت کچرا کنڈیوں کی صفائی اور جانوروں کی باقیات کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ اہم شاہراہوں و اندرونی گلیوں کی سوئپنگ کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے ، اس سلسلے میں بلدیہ شرقی میں ایمرجنسی کا نفاذ کردیا گیا ہے جبکہ دونوں زونز میں تمام متعلقہ عملہ عوام کو میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے موجود رہے گا۔

عوام اپنی شکایات بلدیہ شرقی کے مرکزی دفتر کے مرکزشکایات کے رابطہ نمبر (گلشن اقبال زون 99230355-9 )،)جمشید زون 99225111 (پر درج کرائیں جہاں انکی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جائیگا ۔