میٹروٹرین ٹریک پر پٹری بچھانے کیلئے 70 یو ٹب گرڈرز تیار کر لئے گئے ‘ تنصیب آئندہ ہفتے شروع ہو گی ‘خواجہ احمد حسان

جمعہ 16 ستمبر 2016 16:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 ستمبر۔2016ء ) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے ٹریک کی تعمیر کے لئے70 یو ٹب گرڈرز تیار کر لئے گئے ہیں جن پر ٹرین کی پٹری بچھائی جائے گی ۔ پیکیج ون میں ڈیرہ گجراں سے میکلوڈ روڈ تک670یو ٹب گرڈرز نصب کئے جائیں گے ‘ آئندہ ہفتے ان کی تنصیب شروع ہونے کے بعدزمین سے 40فٹ بلندی پر تعمیر کئے جانے والے میٹر و ٹرین کے راستے کی شکل واضح ہونا شروع ہوجائے گی ۔

پاکستان میں یہ سٹرکچر پہلی مرتبہ بنایا گیا ہے اورمقام شکر ہے کہ اس سلسلے میں پہلی کوشش ہی کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے -اس کامیابی کا کریڈٹ ایل ڈی اے ‘ نیسپاک اور حبیب کنسٹرکشن کو جاتا ہے -وہ گزشتہ روز منصوبے پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے -اجلاس کو بتایا گیا کہ تعمیراتی کام سے متاثر ہونے والے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول باغبانپورہ کا پرنسپل آفس اور گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول یتیم خانہ کی چار دیواری اور سیوریج سسٹم کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے ‘گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چھپر سٹاپ میں13کلاس رومز کے نئے بلاک کی تعمیر کے لئے پرانی عمارت کی مسماری اور بنیادوں کاکام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ گورنمنٹ کنیئرڈ گرلز سکول ایمپریس روڈ کے چھ کلاس رومز کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ ان سکولوں کی تعمیر نو کا کام جلد مکمل کیا جائے اوراضافی وسائل استعمال کر کے سرد موسم شروع ہونے سے قبل اس کی تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ تعمیراتی کام کے دوران طلبہ و طالبات کے کے لئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لئے عارضی چاردیواریا ں ضرور تعمیر کی جائیں -اجلاس کو بتایا گیا کہ سوئی نادرن گیس کمپنی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے راستوں میں 11کلومیٹر سوئی گیس پائپ لائنوں کی تبدیلی کا کام مکمل کر لیا ہے ۔

میٹرو ٹرین کے راستوں میں 300صارفین گیس متاثر ہوئے تاہم نئی پائپ لائنوں سے گیس کی سپلائی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے -سوئی گیس پائپ لائنیں بچھانے کے لئے حکومت نے سوئی ناردرن گیس کو 22کروڑ روپے ادائیگی کر دی ہے ۔ خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ یوٹیلٹی سروسز مہیا کرنے والے محکمے تعمیراتی کام کے دوران اپنے انفراسٹرکچر کی حفاظت پر خصوصی توجہ دیں - اورنج ٹرین کے تمام سٹیشنوں پر نیسپاک کی طرف سے فراہم کئے جانے والے ڈیزائن کے مطابق بجلی ‘پانی ‘ گیس اور ٹیلی فون سمیت یوٹیلٹی سروسز کے کنکشن مہیا کئے جائیں -لیسکو شہریوں کی سہولت کا خیال رکھے اور اپنی سروسز کی منتقلی کے لئے کم سے کم دورانئے کے لئے شٹ ڈاؤن کرے -خواجہ ا حمد حسان نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے لئے طے شدہ سیفٹی سٹینڈرڈز کی سختی سے پابندی کی جائے ‘ میٹرو ٹرین منصوبے پر کام کرنے والے تمام مزدوروں اور کارکنوں کا ہیلمٹ ‘ جیکٹ ‘ گلوز اور شو ز پہننا اور دیگر حفاظتی تدابیر پرعمل درآمد کرنا یقینی بنایا جائے‘ کسی بھی اور عذر کی بنیاد پر اس سلسلے میں کسی نرمی یا انکار کی گنجائش نہیں - بلندی پر کام کرنے والے مزدوروں کے لئے بیلٹ پہننا لازمی ہے ‘ ان کے لئے حفاظتی جال بھی بچھایا جائے اورکھدائی کے مقامات پر خبردار کرنے والے ٹیپ لگائی جائے اور قیمتی ا نسانی جانوں کے تحفظ کے لئے حفاظتی تدابیر پر نہ صرف سختی سے عمل درآمد کیا جائے بلکہ انہیں مزید بہتر بنایا جائے -اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نبیل جاوید‘چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن ‘ایم ڈی واسا چودھری نصیر احمد‘جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ اور لیسکو ‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس‘ریلوے ‘ ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹرسی آر نورنکو اور چائنہ انجینئرنگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔