تنزانیہ سے ملنے والا ٹکڑالاپتا طیارے کا ہے ‘ ملائیشیا

جمعہ 16 ستمبر 2016 15:27

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 ستمبر۔2016ء) ملائیشیا نے تصدیق کی ہے کہ تنزانیہ کے ساحلوں سے ملنے والا طیارے کے ملبے کا ٹکڑا لاپتہ ہوائی جہاز MH370 کا ہے۔ یہ جہاز مارچ 2014 میں کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتا ہو گیا تھا ‘جہاز پر 239 افراد سوار تھے۔

(جاری ہے)

ملائیشیا کے حکام کے مطابق طیارے کے ملبے کا یہ بڑا ٹکڑا رواں برس جون میں تنزانیہ کے جزیرے پیمبا سے ملا تھا۔حکام نے بتایا کہ ٹکڑے کی مزید جانچ کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ جہاز کی تباہی کی بنیادی وجہ کیا تھی۔اس سے قبل جولائی 2015ء میں بحر ہند میں واقع فرانسیسی جزیرے ری یونین سے بھی اس گمشدہ طیارے کے ملبے کے ٹکڑے ملے تھے۔