سکول میں کونسا لباس پہن کر آئیں ‘ کونسے لباس ممنوع ہیں ‘ سری لنکا میں سکول کی عمارت پر پوسٹر لگا دیئے گئے

دیوارپر لگائے گئے پوسٹر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی

جمعہ 16 ستمبر 2016 15:27

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 ستمبر۔2016ء) سری لنکا میں لڑکوں کے ایک سکول کے باہر ایک پوسٹر لگایا گیا ہے جس پر خواتین کیلئے ہدایات ہیں کہ وہ سکول میں داخل ہوتے ہوئے کونسے لباس پہن سکتی ہیں اور کونسے لباس ممنوع ہیں ‘اس پوسٹر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر شدید بحث شروع ہوگئی ۔بی بی سی کے مطابق دارالحکومت کولمبو میں اشرافیہ طبقے کے ایک نجی سکول سینٹ جوزف کالج کے باہر آویزاں اس پوسٹر پر بغیر کسی تحریر کے تصاویر بنی ہوئی ہیں۔

پوسٹر میں خواتین کے ملبوسات پر مبنی 16 مختلف تصاویر ہیں اور ہر تصویر کے سامنے صحیح یا غلط کا نشان لگا ہوا ہے ‘ ایک جانب وہ تصویریں ہیں جن میں خواتین کے بعض مخصوص ملبوسات کو درست بتایا گیا ‘ دوسری لائن میں جدید طرز کے بعض لباسوں کو غلط ٹھہرایا گیا رپورٹ کے مطابق اصل میں اساتذہ سے ملنے یا اپنے بچوں کو لینے کیلئے سکول میں داخلے کیلئے خواتین کے ڈریس کوڈ کا یہ ایک چارٹ ہے۔

(جاری ہے)

اس میں روایتی ساڑھی یا شلوار قیمض اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے کی تو اجازت ہے تاہم منی سکرٹز اور بغیر آستین والے جدید طرز کے لباسوں کو خواتین کے لیے ممنوع قرار دیا گیا ہے اس پر بحث اس وقت شروع ہوئی جب کالج کے ایک طالب علم نے پوسٹر کی ایک تصویر کو اپنے فیس بک کے صفحے پر پوسٹ کیا۔سینٹ جوزف کالج میں انتظامی امور سے متعلق ایک افسر نے سکول میں داخل ہونے والی خواتین کے لیے اس طرح کے ڈریس کوڈ کی تصدیق کی ۔

اس اہلکار نے بتایا کہ وہ سکول کے اندر آنا چاہتی ہیں تو انھیں مناسب طریقے سے کپڑے پہننے ہوں گے۔کولمبو کے ہی ایک دوسرے نجی سکول سینٹ پیٹرز کالج نے بھی تصدیق کی کہ ان کے سکول کے باہر بھی اسی طرح کے ڈریس کوڈ کا ایک نوٹس آویزاں ہے۔ سکول کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ اگر خواتین ڈریس کوڈ کے مطابق کپڑے نہ پہنے ہوں تو انھیں سکول میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔

ایک شخص نے لکھا کہ بہت خوب ‘اب ہم مناسب طریقے سے پیچھے کی طرف چل پڑے ہیں۔ایک اور شخص نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ سکول کی تمام خواتین سٹاف یا طلبا کی ماوٴں کو چاہیے کہ اس کے خلاف بطور احتجاج لنگی یا پھر سوئمنگ سوٹ پہنن کر آنے لگیں۔بعض والدین نے اس بات کا نوٹس لیا ہے کہ سری لنکا میں بعض انٹرنیشنل سکولوں میں بھی خواتین کے لباس کے تعلق سے سختی برتی جاتی ہے اور اگرچہ وہاں پوسٹرز آویزاں نہیں ہیں لیکن اگر کوئی خاتون بغیر آستین والی قمیص پہن کر جائے تو اسے سکول میں داخل ہونے سے منع کر دیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :