دولت اسلامیہ لیبیا کے شہر سرت میں صرف تین علاقوں تک محدود ہے،امریکا

جمعہ 16 ستمبر 2016 15:13

واشنگٹن ۔ 16 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 ستمبر۔2016ء)امریکا کے محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ شدت پسند گروپ (دولت اسلامیہ)لیبیا کے شہر سرت میں صرف تین علاقوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ پینٹاگان کے ترجمان کیپٹن جیف ڈیوس نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکی فوج کے اندازوں کے مطابق سرت میں اب دولت اسلامیہ کے جنگجووٴں کی تعداد 200 سے کچھ ہی زیادہ ہو گی۔

ان کے بقول لیبیا کی بحریہ نے سرت کے گرد سمندر کی سکیورٹی سنبھال رکھی ہے تاکہ اگر شدت پسند بحری راستے سے فرار ہونے کی کوشش کریں تو انھیں روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

امریکا نے لیبیا کی حکومت کی درخواست پر سرت اور اس کے گردونواح میں یکم اگست کو فضائی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا اور اب تک یہاں 108 فضائی حملے کیے جاچکے ہیں۔ان کارروائیوں کی وجہ سے اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ لیبیا کی حکومت اور دیگر فورسز کو داعش کو ملک سے نکالنے میں مدد ملی ہے۔

ڈیوس کا کہنا تھا کہ شام اور عراق میں کی جانے والی فضائی کارروائیوں کے برعکس لیبیا میں ہر فضائی کارروائی یہاں کی حکومت کی درخواست پر کی گئی۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ دو امریکی جنگی بحری جہاز بھی لیبیا کے ساحل کے قریب تعینات رہیں گے تاکہ دولت اسلامیہ کے اہداف کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔