فیس بک پر زیادہ وقت گزارنے والے بچے جھگڑالو ہوسکتے ہیں‘تحقیق

جمعہ 16 ستمبر 2016 14:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 ستمبر۔2016ء) ایک سروے سے انکشاف ہوا ہے کہ فیس بک پر زیادہ وقت صرف کرنے والے بچے اپنی ظاہری جسمانی حالت سے غیرمطمئن اور والدین سے بحث وتکرار زیادہ کرنے لگتے ہیں۔برطانوی حکومت نے ایسکس یونیورسٹی کے تعاون سے ملک بھر کے 40ہزار گھرانوں کا ایک تفصیلی سروے کیا ۔اس میں فیس بک اور ٹویٹر استعمال کرنے اور نہ کرنے والے بچوں کا موازنہ کیا گیا جن کی عمریں 10سے 15برس تھیں۔

جو بچے روزانہ 3گھنٹے ان دونوں سوشل میڈیا سے جڑے رہتے تھے ان کی صرف 53فیصد تعداد اپنی ظاہری حیثیت اور جسمانی کیفیت سے خوش تھی جب کہ فیس بک اور ٹویٹر سے دور رہنے والے 82 فیصد بچے اپنے بدن اور جسمانی ظاہری کیفیت سے مطمئن تھے۔اسی طرح سوشل میڈیا پر روزانہ کئی گھنٹے گزارنے والے بچوں میں اپنے والدین خصوصاً ماں سے بحث و تکرار اور جھگڑنے کا رحجان بھی دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

ایسے بچوں کی 44فیصد تعداد نے کہا کہ ہفتے میں ایک مرتبہ اپنی والدین سے الجھتے ہیں جب کہ فیس بک استعمال نہ کرنے والے بچوں میں یہ شرح نصف تھی یعنی 20فیصد کے قریب۔مطالعے سے ایک روشن پہلو یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارنے والے بچوں کی 90فیصد تعداد اعلی تعلیم حاصل کرنے کی خواہشمند تھی جب کہ اس سے دور رہنے والے 80فیصد بچوں نے جامعات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :