عراق کے لیے امریکہ کی 181 ملین ڈالر کی اضافی امداد

جمعہ 16 ستمبر 2016 13:02

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 ستمبر۔2016ء) امریکی حکومت نے عراق کے شہر موصل کو دولت اسلامی’داعش‘ کہلوانے والی تنظیم کے قبضے سے چھڑانے سے قبل بغداد سرکار کو 181 ملین ڈالر کی اضافی امداد فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ۔امریکی وزیرخارجہ کے معاون خصوصی انٹونی بلینکین نے اپنے دورہ بغداد کے موقع پر عراقی حکام بالخصوص وزیراعظم حیدر العبادی سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں امریکی عہدیدار نے کہا کہ واشنگٹن جلد ہی بغداد کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ایک سو اکیاس ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔بعد ازاں بغداد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی وزارت خارجہ معاون خصوصی نے کہا کہ ’یہ بات باعث مسرت واطمینان ہے کہ عراقی حکومت دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جنگ لڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے بالخصوص موصل شہر کو دہشت گردوں سے چھڑانے اور بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کے لیے عراق کو مزید 181 ملین ڈالر کی امداد جلد فراہم کی جائے گی۔

خیال رہے کہ عراقی فوج موصل کو داعش سے چھڑانے کے لیے تیاری کررہی ہے مگر دوسری جانب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ موصل کو داعش سے آزاد کرانے کے آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کرسکتے ہیں۔ یو این کا کہنا ہے کہ عراق کے دوسرے بڑے شہر اور داعش کے سب سے مضبوط گڑھ کو چھڑانے کے لیے دانشمدانہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ خدشہ ہے کہ موصل میں آپریشن کے نتیجے میں 10 لاکھ سے زاید افراد بے گھر ہوسکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی طرف سے عراق کو دی جانے والی امدادی رقم جنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی، خوراک، ہنگامی ضروریات اور موصل آپریشن سے قبل تیاری کے لیے استعمال کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :