وائٹ ہاوٴس کا ایڈورڈ سنوڈن کو صدارتی معافی دینے سے انکا ر

سنوڈن کے عمل سے امریکہ کے دشمنوں کو فائدہ پہنچا، وائٹ ہاوٴس

جمعہ 16 ستمبر 2016 12:57

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 ستمبر۔2016ء) ایڈورڈ سنوڈن نے امریکی ایوانِ نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی کی جانب سے خود پر کی جانے والی شدید تنقید مسترد کر دی ہے۔کمیٹی نے سنوڈن کے ’افشاگر‘ ہونے کے دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ محض ایک ناراض ملازم تھے جن کے عمل سے امریکہ کے دشمنوں کو فائدہ پہنچا۔اس سے ایک روز قبل امریکہ میں انسانی حقوق کی دو تنظیموں نے ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس میں صدر اوباما سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سنوڈن کو معاف کر دیں۔

تاہم وائٹ ہاوٴس نے کسی قسم کی صدارتی معافی کا امکان رد کر دیا ہے۔انٹیلی جنس کمیٹی کی رپورٹ، جس کی تیاری پر دو برس صرف ہوئے، ایسے موقعے پر سامنے آئی ہے جب سنوڈن کی زندگی پر مبنی فلم ’سنوڈن‘ نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس فلم کے ہدایت کار اولیور سٹون ہیں۔سنوڈن نے کئی ٹویٹس میں انھوں نے رپورٹ کو رد کرتے ہوئے کہا ہے: ’یہ رپورٹ اتنے بیڈھنگے طریقے سے مسخ شدہ کی گئی ہے کہ اگر وہ اس قدر بدنیتی پر مبنی نہ ہوتی تو اسے مزاحیہ سمجھا جا سکتا تھا۔

ایڈورڈ سنوڈن امریکہ کی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے ملازم تھے اور 2013 کے بعد سے روس میں مقیم ہیں۔ انھیں اس وقت شہرت ملی جب انھوں نے ہزاروں کے حساب سے خفیہ دستاویزات افشا کر دیں جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ امریکہ میں نائن الیون کے بعد سے بہت بڑے پیمانے پر ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی نگرانی کی جاتی تھی۔کمیٹی نے اپنی 36 صفحات پر مشتمل رپورٹ کے خلاصے میں کہا ہے کہ سنوڈن کا اپنے رفقائے کار سے جھگڑا تھا اور انھوں نے این ایس اے میں اپنے پس منظر کے بارے میں جھوٹ بولا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ان کے افشا کردہ مواد کے بڑے حصے کے تعلق خفیہ فوجی معلومات سے ہے اور ان کا امریکیوں کی خلوت سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس کی بجائے یہ معلومات بیرونِ ملک تعینات امریکی فوجیوں کے تحفظ کے بارے میں تھیں اور ان میں دہشت گردوں اور دہشت گرد ملکوں کے خلاف اہم دفاع فراہم کیا گیا تھا۔‘ایمنیسٹی انٹرنیشنل اور امیریکن سول لبرٹیز یونین نے پارڈن سنوڈن‘ کے نام سے مہم شروع کی ہے، جس کے تحت صدر اوباما پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ جنوری 2017 میں اقتدار چھوڑنے سے پہلے پہلے سنوڈن کو معاف کر دیں۔

ایمنیسٹی کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے پردہ اٹھانے کی پاداش میں سزا نہیں ملنی چاہیے، اور اس کے مطابق مواصلات کی بڑے پیمانے پر نگرانی اسی زمرے میں آتی ہے۔سول لبرٹیز یونین سنوڈن کے قانونی مشیر کا کردار ادا کرتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ سنوڈن ’عظیم امریکی ہیں جو اپنے محب الوطن اقدامات کی وجہ سے معافی کے مستحق ہیں۔‘

متعلقہ عنوان :