پی آئی اے نے جرمنی ، بارسیلونا اور بنکاک کے لیے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 16 ستمبر 2016 12:40

پی آئی اے نے جرمنی ، بارسیلونا اور بنکاک کے لیے پروازیں شروع کرنے کا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16ستمبر 2016ء) : پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے نے جرمنی ، بارسیلونا اور بنکاک جانے والے اپنے روٹس کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور دبئی کے لیے اپنی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے بعد پی آئی اے نے جرمنی، بارسیلونا اور بنکاک کے لیے اپنے روٹس کا دوبارہ آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر غور کیا جا رہا ہے۔

قومی ائیر لائن نے اپنے بیڑے میں رواں سال کے آخر تک مزید جہاز شامل کرنے اور آئندہ کچھ ماہ میں کم از کم جرمنی کے لیے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لیے پی آئی اے آئندہ سال جنوری کے مہینے تک اپنے بیڑے میں تیسرا A330 بھی شامل کر لے گا جس کے بعد ہفتے میں تین دن برطانیہ اور مانچسٹر میں رکنے کی بجائے نیویارک جانے والی پرواز جرمنی میں قیام کرے گی۔

پی آئی اے کے سی ای او نے بھی ایک آن لائن خبر ایجنسی کو دئے گئے انٹرویو کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ پی آئی اے جلد ہی اپنے کھوئے ہوئے روٹس دوبارہ شروع کر لے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیا روٹ آئندہ سال جنوری سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی آئی اے 2020 تک اپنے بیڑے میں 60 جہاز جبکہ 2025 تک اپنے بیڑے میں 100 جہاز شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :