پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون سکیم ( پی ایم وائی بی ایل ) کے تحت30جون2016ء تک 8.14 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے

جمعہ 16 ستمبر 2016 11:14

اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 ستمبر۔2016ء) پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون سکیم ( پی ایم وائی بی ایل ) کے تحت30جون2016ء تک 8.14 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے ہیں، مجموعی قرضہ جات میں سے نیشنل بینک آف پاکستان نے 7.77 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے شروع کی گئی آسان قرضہ سکیم کے تحت ملک بھرمیں سب سے زیادہ قرضے پنجاب کے نوجوانوں نے حاصل کئے ہیں جن کا تناسب75فیصد ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی ایم وائی بی ایل سکیم کے تحت ملک بھرمیں جاری کردہ قرضوں میں سے نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے 96فیصد قرضے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ دیگر سترہ بینکوں نے جاری کردہ مجموعی قرضہ جات کا صرف4 فیصد حصہ جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کے مطابق 30جون2016ء تک پی ایم وائی بی ایل سکیم کے تحت نوجوانوں کو فراہم کئے گئے مجموعی قرضہ جات میں سے 75فیصد پنجاب،9فیصد خیبرپختونخوا اور سندھ اور آزاد جموں وکشمیر، اسلام آباد اور بلوچستان کے نوجوانوں کو دو دو فیصد جبکہ گلگت بلتستان میں ایک فیصد قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بینکوں کو71 ہزار644 مکمل درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 86فیصد درخواستیں مردوں کی جانب سے دی گئی جبکہ اسلام آباد ریجن سے خواتین درخواست گزاروں کا تناسب23 فیصد رہا جو سب سے زیادہ ہے اور بلوچستان میں سے صرف8 فیصد خواتین نے قرضہ حاصل کرنے کی درخواست کی ہے۔

متعلقہ عنوان :