ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو حقیقی جمہوریت اور آئین فہمی کا شعور دیا‘خرم نواز گنڈا پور

ڈاکٹر طاہرالقادری نے جاوید ہاشمی کی طرح پشت میں چھرا گھونپنے کی سیاست کبھی نہیں کی

جمعرات 15 ستمبر 2016 20:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15ستمبر ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے جاوید ہاشمی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری جاوید ہاشمی کی طرح پشت پر چھرا گھونپنے کی سیاست نہیں کرتے اور نہ ہی وہ جاوید ہاشمی کی طرح پیشہ ور سیاست دان ہیں ۔ڈاکٹر طاہرالقادری کی سیاست ان کے کارکنوں اور کروڑوں محب وطن ،پاکستانیوں کو تو اچھی طرح سمجھ آتی ہے اگر جاوید ہاشمی کو نہیں سمجھ آتی تو کیا کہا جاسکتاہے ؟انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی قوم کو بتائیں کہ انھوں نے ساری عمر کس قسم کی سیاست میں گزاری ہے اور کیا سبق حاصل کیا ہے ؟خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انھوں نے پاکستان کے سب سے بڑے لٹیرے خاندان کی کرپشن اور ملک دشمنی کو بے نقاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو حقیقی جمہوریت اور آئین فہمی کا شعور دیا ۔جاوید ہاشمی نے اس وقت عمران خان کو چھوڑاجب وہ میدان میں کھڑے تھے ۔میدان چھوڑکر بھاگنے والے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سیاست کے بارے میں فکر مند ہونے کی بجائے اپنے سیاسی رویوں پر غور کریں ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری بامقصد زندگی گزاررہے ہیں ۔نوے سے زائد ممالک میں ان کا قائم کردہ منظم نیٹ ورک اسلام ، انسانیت اور پاکستانیوں کی خدمت کررہا ہے ۔

جاوید ہاشمی نے ساری عمر دین اسلام کی کوئی خدمت کی ہے تو بتائیں ۔جاوید ہاشمی نے پوری عمر کی سیاست میں کوئی بامقصد کردار ادا نہیں کیا اب بھی سوائے منفی سیاست کے انہیں کچھ نہیں آتا۔جاوید ہاشمی شریفوں کی غلامی کا صلہ ڈھونڈ رہے ہیں جو انھیں کبھی نہیں ملے گا ۔