نیشنل پارٹی نے ہمیشہ ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے ،ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ

عوامی نیشنل پارٹی کی 17ستمبر کی شٹرڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں

جمعرات 15 ستمبر 2016 18:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15ستمبر ۔2016ء) نیشنل پارٹی کے بانی اور مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ملک سمندرخان کاسی ایڈؤوکیٹ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ ہرملک میں ہونے والی ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور یہ دہشت گردی ملک کی خارجہ اور داخلہ پالیسی درست نہ ہونے کی وجہ سے ہورہی ہے ۔

پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے قانون کی حکمرانی ، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے آواز بلند کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ آٹھ اگست کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور حکومت سے مطالبہ ہے کہ دہشت گردی میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لاکر انہیں سخت سزا دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی 17ستمبر کی عوامی نیشنل پارٹی کی شٹرڈاون ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ہر اس جدوجہد جو مظلوم عوام اور طبقات کے تحفظ اور ملک میں امن و امان کی بہتری کیلئے ہو اسکی حمایت کریگی شہریوں اور تمام تاجروں سے اپیل ہے کہ 17ستمبر کی شٹرڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ آٹھ اگست کسی بھی پارٹی یا فرد کا نہیں بلکہ صوبے کے عوام اور تمام ملک کا سانحہ ہے اور بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں ایسے سانحہ سے نوجوانوں کو تعلیم سے محروم نہیں کیا جاسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ آٹھ اگست میں شہید ہونے والے وکلاء کے خلاء کو مدتوں پورا نہیں کیا جاسکتا ؒ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری ،عوام ، سیاسی و مذہبی پارٹیاں اور جمہوری قوتیں آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر جدوجہد کریں ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ میں شہید اور زخمی ہونے والے وکلاء ،طلباء اور شہریوں کے اہل خانہ کو فوری طور پر امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں مشکل اور غم کی گھڑ میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

متعلقہ عنوان :