عید الاضحی پر صفائی ستھرائی سمیت دیگر تمام تر انتظامات کے سلسلہ میں کسی محکمہ یا افسر کی غفلت قطعی برداشت نہیں کی جائے گی ‘رانا مشہود

پیر 12 ستمبر 2016 17:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 ستمبر۔2016ء ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں کی زیرصدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی اورعوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، ایل ڈبلیو ایم سی اوردیگر متعلقہ محکموں کوعید الاضحی کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صوبائی وزیر نے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ایک جگہ پر اکٹھا کرنے اور انہیں بروقت ٹھکانے لگانے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔صوبائی وزیر نے عیدالاضحی کے موقع پرمتعلقہ محکموں کے افسران کوصفائی ستھرائی اور پروف سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ ادارے عید الاضحی کے موقع پرمفاد ِ عامہ کیلئے چوکس رہیں اور عوام کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔

(جاری ہے)

عید اجتماعات کے باہر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹکٹرز اور سکینرز کے ذریعے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے۔متعلقہ محکموں کے افسران صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہیں اورعوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔ صفائی ستھرائی کے انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔اجلاس میں واسا، ایل ڈبلیو ایم سی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پولیس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے اپنے خطاب اور میڈیاسے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی توجہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر مرکوز ہے۔

عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامات کے سلسلے میں کسی محکمے یا افسر کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے نمائندوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلات کو ٹھکانے لگانے کیلئے بھر پور انتظامات کیے جائیں۔گلی محلوں میں بدبوکے سد باب کیلئے چونے کا چھڑکاؤ اور سیوریج لائنزکی بلا تعطل روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ صفائی ستھرائی کے لئے متعلقہ محکموں کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو بروقت صفائی کو یقینی بنائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ عوام کو صاف ستھرااورصحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے ایمرجنسی پلان پر سختی سے کاربندرہا جائے۔انہوں نے مختلف کلکشن پوائنٹس اور ڈمپنگ پوائنٹس کے قیام اور گلی محلوں سے آلائشیں اٹھانے کیلئے تمام ہلکی و بھاری مشینری کی درست حالت میں موجودگی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی اورقربانی کے مقامات پر چونے اور جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤکا عمل تسلسل سے جاری رکھنے کی ہدایات کیں۔

متعلقہ محکموں افسران نے صوبائی وزیر کو عید الاضحی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف مقامات پر آلائشیں دفنانے کیلئے ٹرجچزکی کھدائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، گلی محلوں سے آلائشیں اٹھا کر کلیکشن سنٹرز تک پہنچانے کیلئے تمام گاڑیوں کابروقت کام انجام دینگی۔اس کے ساتھ ساتھ عوام کو آلائشیں اٹھانے اورٹھکانے لگانے کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کیلئے بینرز اور پینا فلیکس بھی آویزاں کئے جا رہے ہیں ۔صوبائی وزیر تعلیم نے اجلاس کے دوران اپنے حلقے پی پی 149کے ورکرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے مو قع پر صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کے لیے وہ بھی اپنا موثر کر دار ادا کریں ۔

متعلقہ عنوان :